جموں// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج احاطہ امر سنگھ اور سروال میں نئے تعمیر شدہ رہائشی بلاکوں کا اِفتتاح کیا جو دربار مؤو سے منسلک سرکاری ملازمین کے لئے ہاؤسنگ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے۔وزیراعلیٰ نے رسمی رِبن کاٹ کر سہولیات کا باضابطہ اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ شالین کابرا، ڈائریکٹر ایسٹیٹس اشونی کھجوریہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایسٹیٹس جموں ڈاکٹر وِکاس شرما اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔ دو نئے بلاکوں میں کل 56 چھوٹے دو کمروں والے رہائشی فلیٹ شامل ہیں جو گراؤنڈ پلس6 منزلہ ڈھانچے کے طور پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ ہر یونٹ میں دو بیڈروم، ایک لابی/لونگ ائیریا، کچن، دو واش روم اور ایک بالکونی شامل ہے جس سے ملازمین کی رہائش کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ لاگت کی کفایت اور جگہ کے بہترین اِستعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے نئے تعمیر شدہ فلیٹوں کا معائینہ کیا، ان کی جمالیات اور معیارکو سراہا اور جگہ کے اِنتظام اور فعال ترتیب پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ رہائش کے دباؤ کو کم کرے گا اور ملازمین کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرے گا۔بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر ایسٹیٹس اشونی کھجوریہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس پروجیکٹ کو عملی ڈیزائن، ساختی حفاظت اور قابل استطاعت پر زور دیتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پرانے رہائشی کالونیوں کو مرحلہ وار جدید بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایسٹیٹس جموں ڈاکٹر وِکاس شرما نے وزیراعلیٰ کو رہائشی یونٹوں کے لے آؤٹ، سہولیات اور نگرانی کے طریقۂ کار کے بارے میں بریف کیا تاکہ سخت کوالٹی کنٹرول اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے ملازمین کے لئے محفوظ اور منصوبہ بندی شدہ رہائشی انفراسٹرکچر فراہم کرنے میں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے یاد دِلایا کہ اس برس نومبر میں، چار برس بعد دربار مؤو کی بحالی کے بعداُنہوں نے ان رہائشی کالونیوں کا معائینہ کیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ زمین کا بہترین استعمال کریں، اعلیٰ جمالیاتی اور تعمیراتی معیار برقرار رکھیں اور پرانے اور غیر محفوظ کوارٹروں کو جدید سہولیات سے تبدیل کریں۔اُنہوں نے بڑھتی ہوئی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ ہائی رائز رہائشی ٹاوروں کی تعمیر پر غور کریں اور عمودی ڈیزائن اپنائیں جو دستیاب زمین کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے رہائشی گنجائش بڑھائیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ ایسے اقدامات موجودہ رہائش کے خلا کو پُر کرنے، ملازمین کو جدید رہائشی ماحول فراہم کرنے اور کوارٹروں کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر تعمیرات میں تیزی لانے کے لئے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کو سراہا اور سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کی خاطر رہائشی اِنفراسٹرکچر کو اَپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔










