وزیر جنگلات نے آر اِی 2025-26اور بی اِی 2026-27 کو حتمی شکل دینے کیلئے میٹنگ کی صدارت کی

جموں// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ یو ٹی کیپکس اور ریویکس (آر اِی وِی اِی ایکس ) بجٹ کے تحت مالی سال2025-26 کے ریوائزڈ ایسٹمیٹس( آر اِی) اور 2026-27 کے بجٹ ایسٹمیٹس( بی اِی ) کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی جاسکے۔میٹنگ میں حکومتی ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ مختلف سیکٹورل کی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں دیرپا ترقی کو فروغ دینے، تحفظ کے اَقدامات کو مضبوط بنانے اور محکمہ جنگلات کے مختلف وِنگوں میں خدمات کی فراہمی کو بڑھانے کے لئے بجٹ کے مختص کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر موصوف نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ جنگلات محکمہ کے تمام شعبے ایسے بجٹ تجاویز پیش کریں جو حقیقی مالی ضروریات، نتائج پر مبنی منصوبہ بندی اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے سالانہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے اَخراجات، حاصل شدہ پیش رفت، موجودہ خلا اور اِضافی وسائل کی جامع دستاویزات کی ضرورت پر زور دیا۔
جاوید احمد رانانے واضح کیا کہ بجٹ میں ایسے اہم شعبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے جن میں جنگلات کا تحفظ، جنگلی حیات کا تحفظ، شجرکاری، قبائلی روزگار میں بہتری، پانی کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی دیرپائی شامل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بجٹ سازی کا عمل ایک ایسی حکمت عملی کے طور پر کام کرنا چاہیے جو ماحولیاتی حکمرانی کو مضبوط کرے اور عوامی وسائل کے بہترین اِستعمال کو یقینی بنائے۔وزیر نے بہتر ہم آہنگی اور سخت نگرانی پر زور دیتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے خبردار کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’مؤثر منصوبہ بندی اور مالی نظم و ضبط ہماری ماحولیاتی حفاظت، تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور محفوظ و دیرپا پانی کے وسائل تک قابلِ اعتماد رسائی کے لئے ناگزیر ہیں۔ ہمارا بجٹ طویل مدتی عزم، کارکردگی اور جوابدہی کا مظہر ہونا چاہیے۔‘‘وزیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ تمام تجاویز کو جمع کرنے کی مقررہ مدت کے اندر حتمی شکل دیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات شتیل نندا،سیکرٹری جنگلات راجندر سنگھ تارا ، چیف وائلڈ لائف وارڈن،فارسٹ پروٹیکشن فورس سرویش رائے، چیئرپرسن پولیوشن کنٹرول کمیٹی، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری/سوئیل اینڈ واٹر کنزرویشن، ڈائریکٹر فارسٹ ریسرچ انسٹی چیوٹ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، چیف کنزرویٹرز آف فاریسٹ جموں و کشمیر، سی اِی او کیمپا اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔