جموں//ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر بریگیڈیئر پنکج چِب نے آرمڈ فورسز کے فلیگ ڈے کے موقعہ پر1971ء کی بھارت ۔پاک جنگ میںاَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے 22ویں پنجاب کے وار میموریل پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہ دورہ یونٹ کی جانب سے ’’ چک اَمروڈے‘‘کے موقعہ پر ہوا جس نے تقریب کو پُر جوش بنادیا۔ ڈائریکٹر موصوف نے سابق فوجیوں اورعلاقے کے مقامی لوگوں کی موجودگی میں یادگار پر گل دائرے چڑھائے۔ اِس موقعہ پر 22 پنجاب کی ایک دستے نے بھی شہدأ آپریشن کو سلامی پیش کرنے کے لئے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یاد رہے کہ 1971ء کے آپریشنز کے دوران 22 پنجاب نے بہادری سے لڑتے ہوئے 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کو فیصلہ کن شکست دی تھی۔ڈائریکٹر نے گل دائرے چڑھانے کے بعد ایک اِجتماع سے خطاب کیا ، جنگِ چک امرو کا مختصر تذکرہ کیا اور 1971 کے آپریشنز میں اس کی سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے 22 پنجاب کے جوانوں کی غیر معمولی بہادری، حوصلے اور قربانی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ایسی یادیں آرمڈ فورسزکے اہلکاروں کی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی ہیں۔بریگیڈئیر پنکج چِب نے آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ’وِکست بھارت2047‘کے قومی تعمیر کے ویژن کے لئے پُر عزم رہیں۔۔ اُنہوں نے نظم و ضبط، قیادت اور کمیونٹی سروس کے ذریعے اَپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔یہ وہ اقدار اور خوبیاں ہیں جو آرمڈ فورسز کے بنیادی اصولوں میں شامل ہیں۔تقریب میں ایس ڈی ایم ہیرا نگر نے بھی شرکت کی اور سابق فوجیوں سے بات چیت کی ۔ اَس پروگرام میں حاضر سروس فوجیوں، ریٹائرڈ اہلکاروں اور مقامی باشندوں نے بھرپور شرکت کی جس سے آرمڈ فورسزاور کمیونٹی کے درمیان مضبوط رشتے کو تقویت ملی۔آرمڈ فورسز فلیگ ڈے ہر برس اس مقصد کے لئے منایا جاتا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے اور سابق فوجیوں اور اُن کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے تعاون فراہم کیا جائے۔










