پلوامہ//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ( جی ایچ ایس ایس ) حول پلوامہ کا دورہ کیا اور سکول کے سالانہ دن کے جشن میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم ایل اے راجپورہ غلام محی الدین میر ، پرنسپل جی ایچ ایس ایس حول ، ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران ، ادارے کے اساتذہ ، بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور ان کے والدین موجود تھے ۔ سالانہ دن کے جشن سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے سکول کی طرف سے تعلیم کو فروغ دینے اور طلبہ میں جامع ترقی پیدا کرنے کی کاؤشوں کو سراہا ۔ انہوں نے تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر دیہی و نیم شہری علاقوں کے اداروں کو مناسب انفراسٹرکچر اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر نے کہا کہ ’’ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت تعلیم کو جدید بنا رہی ہے اور سرکاری سکولوں میں بہترین سہولیات قائم کر رہی ہے تا کہ سرکاری سکولوں میں داخلے بڑھیں ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ یہ نوجوان ذہنوں کو سوچنے ، اختراع کرنے اور قیادت کرنے کے قابل بنانے کا عمل ہے ۔ محترمہ سکینہ نے کہا ’’ ہماری نوجوان نسل ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور انہیں مواقع فراہم کرنا اور انہیں پر اعتماد ، قابل اور رحم دل شہری بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ‘‘ اس موقع پر وزیر نے طلبہ و عملے سے بھی ملاقات کی ، اساتذہ کی محنت کو سراہا اور طلبہ کو ہدف حاصل کرنے کیلئے لگن سے آگے بڑھنے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے سکول کی تعلیمی ، کھیلوں اور اضافی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی کی تعریف کی اور ادارے میں سہولیات کی مزید بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ ایم ایل اے راجپورہ غلام محی الدین میر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ طلبہ اور سکول انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے مطالبات کو جلد ہی حکومت کی طرف سے پورا کر دیا جائے گا ۔ اس موقع پر پرنسپل نے سکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں اہم کامیابیوں ، جاری منصوبوں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے مستقبل کے اہداف کو اجاگر کیا ۔ اس سے قبل وزیر نے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا جن میں جدت طرازی سے بھر پور پروجیکٹس کی نمائش کی گئی تھی ۔










