جاوید ڈار نے لڈورہ رفیع آباد میںناگ بل پلے فیلڈ کی ترقی کا سنگ بنیاد رکھا

جاوید ڈار نے لڈورہ رفیع آباد میںناگ بل پلے فیلڈ کی ترقی کا سنگ بنیاد رکھا

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ،اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے شمالی کشمیر میں کھیلوں کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی سمت ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج بارہمولہ کے رفیع آبادلڈورہ میں ناگبل پلے فیلڈ کی ترقی کا سنگِ بنیاد رکھا۔یہ پروجیکٹ جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی جانب سے 70 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت سے عمل میں لایا جا رہا ہے جو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی نگرانی میں ہے۔ یہ اَقدام کمیونٹی کی ترقی، نوجوانوں کی شمولیت اور خطے میں کھیلوں کے کلچر کے فروغ دینے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اِس موقعہ پروزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کی ثقافت کو مضبوط بنانے اور شمالی کشمیر کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اِس بات زور دیا کہ کھیلوں کے میدانوں کی ترقی سے مقامی نوجوانوں کے لئے بہتر مواقع پیدا ہوں گے تاکہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور ایک منظم اور معاون ماحول میں اَپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔وزیرموصوف نے یہ بھی اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں حلقے کے دیگر علاقوں میں بھی مزید کھیل کے میدان تعمیر کئے جائیں گے تاکہ تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات سب کے لئے دستیاب ہو سکیں۔بعد ازاں ،وزیرجاوید احمد ڈار نے رفیع آباد میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا اور متعلقہ اَفسران کو مقررہ وقت میں معیاری تعمیر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کے سینئر اَفسران، مختلف ترقیاتی ایجنسیوں کے اَفسران اور مقامی نمائندگان موجود تھے۔