ڈِسٹرکٹ ہسپتال کے احاطے میں جاری مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا معائینہ کیا اور کھیر بھوانی تولہ مولہ میں یاتری نواس کا بھی جائزہ لیا
گاندربل//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل کے احاطے میں’’سیوا پَرو‘‘ پروگرام اور ’’سوستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘‘ کے تحت ایک میگا ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم جموںوکشمیر ڈاکٹر سیّدعابد رشید شاہ،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ اورضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور بھی موجود تھے۔ابھیان کے تحت عوام کے لئے وسیع پیمانے پر صحت سہولیات فراہم کی گئیں۔ زائد اَز70 برس عمر کے بزرگ شہریوں کو’’ آیوشمان بھارت‘‘سکیم کے تحت گولڈن ہیلتھ کارڈ جاری کئے گئے تاکہ وہ مفت اور معیاری صحت سہولیات حاصل کر سکیں۔کیمپ میں غیر متعدی امراض کی سکریننگ، عمومی طبی معائینے، تپ دق (ٹی بی )کی سکریننگ اور ذہنی صحت کے سٹالز بھی شامل تھے جن سے بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے فائدہ اُٹھایا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے ضلع میں جاری مختلف صحت کے بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں کا جائزہ لیا جن میں 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر بلاک اور’ڈِسٹرکٹ اِنٹگریٹیڈ پبلک ہیلتھ کیئر لیبارٹری ‘شامل ہیںجو ایک جدید سہولیت ہے اور ضلعی سطح کی لیبارٹریوں کے ساتھ ہب اینڈ سپوک ماڈل پر کام کرے گی۔ اُنہوں یوٹی کیپکس سکیم کےتحت تعمیر کی جانے والی مردہ خانہ کی عمارت، اِنتظامی عمارت اور پبلک کینٹین کا بھی معائینہ کیا۔بعد ازاں، چیف سیکرٹری نے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا اور وہاں یاتری نواس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے جاری کام کا معائینہ کیا اور باقی کاموں کی تکمیل کے لئے متعین مدت کے بارے میں تفصیلی جانکاری لی۔ سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج اعجاز اسد نے انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال اور کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ مقررہ مدت کے اندر کام مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار تیز کریں تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔










