dooran

فلائی اور دیگر اونچائی والی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کا چلان کرنے کی خبریں بے بنیاد

ٹریفک پولیس اہلکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف / ایس ایس پی ٹریفک

سرینگر / سی این آئی // سیلابی پانی سے گاڑیوں کو بچانے کیلئے فلائی اور دیگر اونچائی والی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کو چلان کرنے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ٹریفک پولیس سرینگر سٹی نے کہا کہ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر سٹی ٹریفک پولیس نے ان خبروں کی تردید کی کہ سیلاب کے خدشات کے درمیان سرینگر اور دیگر علاقوں میں اونچی جگہوں پر کھڑی گاڑیوں کے چالان جاری کیے گئے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر اعجاز احمد بٹ نے واضح کیا کہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر فلائی اوور اور دیگر بلند مقامات پر کھڑی گاڑیوں کا کوئی چالان جاری نہیں کیا گیا۔بٹ نے کہا ’’ کچھ سوشل میڈیا پوسٹس اور نیوز آؤٹ لیٹس نے غلط طریقے سے تصاویر گردش کی ہیں جس میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس گاڑیوں کا چالان کر رہی ہے۔ یہ غلط اور گمراہ کن ہے۔ ایسی کسی گاڑی کے خلاف کوئی چالان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول ناٹی پورہ، مہجور نگر، شالینا اور دیگر میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ہمارے افسران ہماری ہیلپ لائنز پر آنے والی کالوں کا مسلسل جواب دے رہے ہیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کی نقل و حرکت کو منظم کر رہے ہیں‘‘۔خیال رہے کہ جمعرات کو، سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں مبینہ طور پر ٹریفک پولیس کو رام باغ میں گاڑیوں کا چالان کرتے ہوئے دکھایا گیا جب مقامی لوگوں نے انہیں نقصان سے بچنے کیلئے فلائی اوور پر کھڑا کر دیاتھا ۔