ریلیف کارروائیوں کی نگرانی اور لوگوں سے نشیبی علاقوں سے دُور رہنے کی اپیل
سری نگر//بڈگام کے زونی پورہ اور شالینا میں دریائے جہلم کے کنارے ٹوٹنے کے بعد سری نگر اور بڈگام کے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اِس صورتِ حال کے پیش نظر صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ اِمدادی اور ریسکو کارروائیوں کی نگرانی کی جا سکے۔صوبائی کمشنر کشمیر کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر اور ضلع سری نگر و بڈگام کے ضلع ترقیاتی کمشنران بھی تھے۔ اُنہوں نے لسجن اور نوگام کا دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور متاثرہ اَفراد کی حفاظت کے لئے مربوط کوششوں کو یقینی بنایا جا سکے۔اِس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا،’’آج صبح زونی پورہ بڈگام میں دریائے جہلم کے کنارے میں شگاف پڑگئے جس کے نتیجے میں آس پاس کے علاقوے زیر آب آگئے۔ تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر ہم نے گزشتہ رات تقریباً 9,000 اَفراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا جس سے کسی بھی جانی نقصان کو روکنے میں مدد ملی۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ موسم کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے بالخصوص جنوبی کشمیر میں جہاں زیادہ تر علاقوں میں اس وقت آسمان صاف ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا،’’سنگم اور رام منشی باغ میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ ایس ڈِی آر ایف، این ڈِی آر ایف، پولیس اور ریونیو محکموں سمیت ریسکو ٹیمیں نشیبی متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں اور بر وقت اِمداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہا،’’زمینی سطح پر مؤثر ردِّعمل کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران موقعہ پر موجود ہیں۔‘‘اُنہوں نے عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لوگوں کی طرف سے تعاون کو سراہا اور کہا کہ لوگوں کو چوکس رکھنے کے لئے مسلسل اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی کمشنر نے اِنخلأکی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بڈگام کی چھ دیہات میں متاثرہ اَفراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ سری نگر میں احتیاطی بنیادوں پر اِنخلأجاری ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اقدام کے طور پر نشیبی علاقوں میں جانے سے گُریز کریں۔ بعد میں صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کے ہمراہ شالینا کا دورہ بھی کیا اور وہاں جاری ریلیف اور تخفیفی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور اِنتظامیہ کے تمام متاثرہ رہائشیوں کی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔










