کالی دھار میں سنگل ٹنل کے کام کا معائینہ کیا
سندر بنی// نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے آج ڈاک بنگلہ سندر بنی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا تا کہ سب ڈویژن میں سیلاب کی صورتحال کا جائیزہ لیا جائے اور حالیہ شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جائے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی سندر بنی ، ایس ای پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ نائب وزیر اعلیی نے حکام کو ہدایت دی کہ تمام بند سڑکوں کو فوری طور پر کھولا جائے تا کہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے سندر بنی مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی دکانیں زیر آب آ گئی تھیں ۔ انہوں نے بارڈر روڈز آرگنائیزیشن ( بی آر او ) کے حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ نالوں کے نظام کو مضبوط اور برقرار رکھا جائے تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ ایک الگ دورے میں مسٹر چودھری نے کالی دھار میں جاری سنگل ٹنل کے کام کا معائینہ کیا جو راجوری اور جموں کے درمیان ایک اہم سڑک رابطہ ہے ۔ انہوں نے معیاری مواد پر سختی سے عمل درآمد اور پروجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد معمولات بحال کئے جائیں اور ضلع میں بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔










