وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سیلاب سے متاثرہ جموں کا تفصیلی دورہ کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سیلاب سے متاثرہ جموں کا تفصیلی دورہ کیا

وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندرمودی کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مانسون کی شدید بارشوں اور جموں میں سیلاب کی صورت حال کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے اور فوری اِمدادی اَقدامات کی نگرانی کے لئے آج شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوںنے جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ حساس علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اَقدامات کریں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات اور اَمورصارفین ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما بھی تھے۔ وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،صوبائی کمشنرکمشنر جموں رمیش کمار، اِنسپکٹر جنرل پولیس جموں زون بھیم سین ٹوٹی، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انسویا جموال اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنر رمیش کمار اورضلع ترقیاتی کمشنر راکیش منہاس نے وزیراعلیٰ کو جاری ریسکو آپریشنز، عارضی پناہ گاہوں کے کام، رسد کی فراہمی اور بین محکمہ جاتی رابطہ کاری کے بارے میں بریف کیا۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران چوتھے توی پُل بھگوتی نگر، پرانے کیمپس یونیورسٹی میں سائنس کالج، ہوٹل فورچیون رویرا کے قریب ہری سنگھ پارک اور گجر نگر جموں کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوںنے زور دیا کہ چوتھے توی پل کا خراب شدہ حصہ فوری تکنیکی جانچ کی ضرورت ہے اور یاد دِلایا کہ یہ ڈھانچہ 2014 ء کے سیلاب میں بھی متاثر ہوا تھا۔ اُنہوں نے آئندہ ایسے خطرات سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔عمر عبداللہ نے تباہ شدہ مکانات کے معاملے پر کہا کہ بحالی کے منصوبے کو جامع انداز میں تیار کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ کنبوں کو مناسب مدد مل سکے۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ فوری طورپر زمینی چیلنجوں کی نشاندہی کریں اورانہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اُنہوں نے سیلاب کی صورتحال سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے جنہوں نے مرکزی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دِلایا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم کو دریائے توی کے کنارے جموں کے کئی متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے علاقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم کی طرف سے دی گئی یقین دہانی پراطمینان کا اِظہار کیا اور سیلاب کے پیش نظر جموںوکشمیر کی مدد جاری رکھنے کا وعدہ کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کٹرہ میں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ میں یاتریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی شدت کے بارے میں پیشگی انتباہات کے پیش نظر یاتریوں کو راستے میں آگے بڑھنے سے روکنے اور انہیں محفوظ مقامات پر رکھنے کے لئے حفاظتی اقدامات پہلے ہی عملائے جانے چاہیے تھے۔ ۔ اُنہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی۔وزیراعلیٰ نے بی ایس این ایل اور نجی ٹیلی کام آپریٹرز جیو نیٹ ورک اور ایئرٹیل کو ہدایت دی کہ جموں و کشمیر میں اِنٹرنیٹ اور ٹیلی کام خدمات کو فوری طور پر بحال کریں کیوںکہ ان کی بندش نے کام اور رابطے میں رُکاوٹ پیدا کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بحران اورایمرجنسی حالات میں مواصلاتی نیٹ ورک کا فعال ہونا نہایت ضروری ہے۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ اور جموں۔پٹھان کوٹ شاہراہ پر فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ درماندہ گاڑیاں نکالی جا سکیں اور ٹریفک جلد از جلد بحال ہو۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بجلی، پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کریں۔بعد میں عمر عبداللہ نے اَپنے فیلڈ دورے کے دوران متعدد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا، رہائشیوں سے ملاقات کی، نقصانات کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ ریلیف کے اَقدامات تیز کریں، عارضی اِنتظامات یقینی بنائیں اور بنیادی سہولیات فوری بحال کریں۔