چیئرپرسن کی عوام دوست اَقدامات ، ایچ ٹی اورایل ٹی لائنوں کی بہتری اور بجلی کی فراہمی پر زور دیا
سری نگر// جموں و کشمیر کی اسمبلی کی ایسٹی میٹس کمیٹی کی میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈِی ڈِی )کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن شمیم فردوس نے کی اور اِس میں ارکان غلام محی الدین میر، پون کمار گپتا، چندر پرکاش گنگا، گھارو رام بھگت اور اَرجن سنگھ راجو نے شرکت کی۔میٹنگ میں موجود سینئر اَفسران میں ایم ڈِی جے کے ایس پی ڈی سی اور جے کے پی سی ایل راہل یادو، سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا، ایم ڈِی جے کے پی ٹی سی ایل روحیلا وانی، ایم ڈِی جے کے پی ڈِی سی ایل جی پی سنگھ، ڈی جی بجٹ فائنانس ڈیپارٹمنٹ ایم ایس ملک، ایم ڈِی کے پی ڈِی سی ایل محمود احمد شاہ، سپیشل سیکرٹری پی ڈِی ڈی ایم وائی ملک، چیف اِنجینئران اور دیگر اَفسران شامل تھے۔کمیٹی نے مختلف سکیموںکی عمل آوری کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاجن میں سمارٹ میٹرنگ، کیبلنگ، فنڈز کی تقسیم اور اِستعمال، بجلی کی پیداوار اور ترسیل میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ایچ ٹی اورایل ٹی لائنوں کی بہتری، ناکارہ ٹرانسفارمروں کی تبدیلی اور جموں و کشمیر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہے۔کمیٹی نے ایمنسٹی سکیم، آر ڈِی ایس ایس، آئی پی ڈِی ایس، پی ایم ڈِی پی اور دیگر جاری منصوبوں کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا۔چیئرپرسن نے بجلی کی کٹوتی، بروقت مرمت اور ناکارہ ٹرانسفارمروں کی تبدیلی، خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بجلی چوری کے خاتمے کے لئے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے صارفین کو شیڈول کے مطابق بالخصوص اَوقات کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے بجلی کی پیداوار کے لئے وسائل کے مؤثر اِستعمال، اَفرادی قوت کے بہتر انتظام اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہوئے یومیہ اجرت یا کیجول مزدوروں کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا ریلیف کی بروقت ادائیگی کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرپرسن موصوفہ نے محکمہ میں خالی اَسامیوں کو بھرتی ایجنسیوں کے ساتھ فوری طور پر اُٹھانے کی ہدایت دی تاکہ تقرری کا عمل جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ اُنہوں نے عوامی سہولیت کے لئے سٹاف کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔کمیٹی نے آر ڈی ایس ایس اور دیگر سکیموں کے تحت فنڈز کے بروقت اور مؤثر اِستعمال کو تیز کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے وزیر اعلیٰ ایمنسٹی سکیم پر مؤثر عمل آور اور صارفین سے بجلی واجبات کی وصولی کے لئے ٹھوس اَقدامات کرنے پر زور دیا۔چیئرپرسن نے محکمہ کے مختلف منصوبوں میں عوامی مفاد کو مقدم رکھنے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور یہ یقینی بنانے پر زور دیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ اِس کے علاوہ ٹی اینڈ ڈِی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے دیرپا اَقدامات کی بھی ہدایت دی گئی۔کمیٹی نے اہم محکموں کی کارکردگی کی نگرانی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، بجٹ تخمینوں، نظرثانی شدہ الاٹمنٹ اور اخراجات کا تفصیلی جائزہ لے کر ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیا جائے گا۔کمیٹی کے ارکان نے بھی اہم تجاویز پیش کیں اور محکمہ کی کارکردگی سے متعلق کئی اہم مسائل اُجاگر کئے۔










