جاوید رانا نے بٹی دھر میں سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کی پیش رفت کا جائزہ لیا

مینڈھر// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج مینڈھر کے علاقے بٹی دھر میں زیر تعمیر سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کا معائینہ کیا۔ یہ ایک اہم منصوبہ ہے جسے تقریباً 600 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔دورے کے دوران اَفسران نے وزیر موصوف کوجانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اَب تک تعمیراتی کام کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہوچکاہے۔وزیر جل شکتی نے ترقیاتی کام پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے باقی کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاہم اس بات پر زور دیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اُنہوں نے منصوبے کو مزید تقویت دیتے ہوئے سائٹ پر اضافی سپورٹنگ انفراسٹرکچر کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔اِس میں چینج روموںکی تعمیر، تماشائیوں کے لئے نشستوں کے درجات (سیڑھی نما بیٹھنے کا اِنتظام) اور حفاظتی تعمیرات شامل ہیںجن کے لئے مزید 200 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔یہ اِضافی سہولیات اس سپورٹس کمپلیکس کی افادیت بڑھانے اور اسے ایتھلیٹک مقابلوں کی میزبانی کے قابل بنانے کے لئے بنائی جا رہی ہیں۔وزیر جاوید احمد رانا نے عمر عبداللہ حکومت کی سرحدی اور دُور دراز علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مینڈھر اور آس پاس علاقوںکے نوجوانوں کو بہتر انفراسٹرکچر اور با معنی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار اَدا کرے گا۔