دُکھ و غم کا اظہار کیا ، حکومتی مدد کی یقین دہانی کرائی
کٹھوعہ //وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے کلاؤڈ برسٹ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملنے کیلئے ضلع کٹھوعہ کا دورہ کیا ۔ کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے چار شہری جانبحق اور دیگر کئی زخمی ہو گئے ہیں ۔ متاثرہ علاقوں کے اپنے دورے کے دوران وزیر نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ بات چیت کی ، انسانی جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اظہار کیا اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت اس مشکل وقت کے دوران ریلیف ، بحالی اور دیگر ضروری امداد کے معاملے میں مکمل حمایت کرے گی ۔ مسٹر ستیش شرما نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ کا بھی دورہ کیا اور زیر علاج زخمیوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ متاثرہ افراد کو فوری طبی نگہداشت ملے اور کسی بھی متاثرہ افراد کو کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ امدادی اور بحالی کے کاموں کو ترجیحاتی بنیادوں پر عمل میں لانا چاہئیے ۔ انہوں نے مستقبل میں خطرات کو کم سے کم کرنے کیلئے حساس علاقوں میں احتیاطی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ۔ مسٹر ستیش شرا کے ہمراہ اے ڈی ڈی سی کٹھوعہ ، پرنسپل جی ایم سی کٹھوعہ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔ بعد میں وزیر نے آرمی ہسپتال پٹھانکوٹ کا بھی دورہ کیا جہاں متعدد زخمی زیر علاج ہیں ۔










