سکینہ اِیتو نے پونچھ میں جسمانی طور خاص اَفراد میں موٹر سائیکلیں تقسیم کیں

سکینہ اِیتو نے پونچھ میں جسمانی طور خاص اَفراد میں موٹر سائیکلیں تقسیم کیں

پردھان منتری ماترووندنا یوجنا پر تربیتی و بیداری پروگرام کا بھی اِفتتاح کیا

پونچھ//وزیر برائے سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے ایک تقریب میں 28 جسمانی طور خاص اَفراد میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں۔یہ پروگرام محکمہ سماجی بہبود نے ان لوگوں کی مدد کے لئے منعقد کیا جو جسمانی مسائل کا سامنا کرتے ہیں تاکہ وہ آسانی سے چل پھر سکیں اور خود کام کر سکیں۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی حویلی اعجاز احمد جان، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ، ڈِی ایس ڈبلیو او پونچھ، دیگر ضلعی وسیکٹورل اَفسران اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی سماجی بہبود اور شمولیتی طرز حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا،’’جسمانی طور خاص اَفراد کو بااِختیار بنانا صرف معاون آلات کی فراہمی نہیں بلکہ ان کی عزت نفس، رَسائی اور مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، چاہے ان کی جسمانی حالت جیسی بھی ہو۔‘‘اُنہوں نے جسمانی طور خاص اَفراد کی سہولیت کے لئے دیگر اَضلاع میں بھی ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ محروم طبقوں کی ضروریات کو ترجیح دیں اور معذور اَفراد کو بروقت مدد فراہم کریں۔وزیرموصوفہ نے مزید کہا کہ یہ ٹرائی سائیکلیں صرف چلنے کا ذریعہ نہیں بلکہ وقار، عزت،خود مختاری اور مواقع کی علامت ہیں۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی حویلی اعجاز احمد جان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی اُن کوششوں کو سراہا جو معاشرے کے سب سے پسماندہ طبقوں تک پہنچنے کے لئے کی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے جسمانی طور خاص اَفراد کو رَسائی پذیر نقل و حرکت اور حکومتی معاونت کے ذریعے بااِختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔استفادہ کنندگان نے معاونت کے لئے وزیر سکینہ اِیتو کا تہہ دِل سے شکریہ اَدا کیا اور ٹرائی سائیکلوں کو زندگی بدلنے والی سہولیت قرار دیا جس سے تعلیم، روزگار اور عوامی خدمات تک ان کی رَسائی میں اِضافہ ہوگا۔ بعد میں وزیر موصوفہ نے پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وِی وائی) کے تحت تربیتی و بیداری پروگرام کا بھی اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جس کی قیادت عمر عبداللہ کر رہے ہیں عوام کو اُن کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف سکیموں جیسے وومنزڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈبلیو ڈِی سی) لون سکیم، لاڈلی بیٹی سکیم اور دیگر کا تفصیل سے ذکر کیاجو خواتین کو بااِختیار بنانے کے لئے متعارف کی گئی ہیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے دُور دراز علاقوں میں بیداری کیمپ منعقد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں سکیم کی مؤثر عمل آوری میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروںکی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔تقریب کے آغاز میں مشن ڈائریکٹر ’’پوشن‘‘ نے سکیم کی عمل آوری، فوائد اور طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ وزیر موصوفہ نے اِس موقعہ پر پی او آئی سی ایس اور ڈیٹا اَنٹری آپریٹرز کو سکیم کی عمل آوری پر توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ اُنہوں نے ورکروںاور ہیلپروںکو تقرری کے احکامات بھی سونپے۔اِس موقعہ پر آنگن واڑی کارکنوں نے سکیم کے پورے عمل اور فوائد کو بیان کرنے والا ایک خاکہ بھی پیش کیا۔