پونچھ// وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو نے آج دینا ناتھ رفیق میموریل گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول (شیش محل)پونچھ کا دورہ کر کے ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران فیکلٹی ارکان، اِنتظامی عملے اور طلبأسے بات چیت کی اور تدریسی و ہم نصابی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ اُنہوں نے تدریسی معیارات، بنیادی ڈھانچے، سیکھنے کے وسائل کی دستیابی اور مختلف تعلیمی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔وزیر تعلیم نے طالبات کی تعلیم میں مسلسل بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ادارے کی خدمات کو سراہا اور علاقہ کی نوجوان لڑکیوں کو بااِختیار بنانے میں اس کے کردار کو تسلیم کیا۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ ادارہ لڑکیوں کی تعلیم اور بااِختیار بنانے کے لئے ایک مثال ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ اِدارہ اس ضلع کی نوجوان طالبات کو مسلسل علم و ہنر فراہم کرتا رہے۔‘‘وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران سکول کے کلاس روموں، لیبارٹریوں اور دیگر سہولیات کا معائینہ بھی کیا۔ اُنہوں نے طالبات سے ایک مختصر اِستفساری سیشن بھی منعقد کیا تاکہ ان کی خواہشات اور مسائل کو سمجھا جا سکے۔ اُنہوں نے طالبات کو اَپنے خواب پورے کرنے کے لئے حوصلے اور ایمانداری سے محنت کرنے کی تلقین کی اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے سکول اِنتظامیہ اور فیکلٹی سے ایک مختصر میٹنگ بھی کی اور ان پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دیںبالخصوص ڈیجیٹل لرننگ ٹولز کو طالبات کے لئے قابلِ رَسائی بنایا جائے۔ اُنہوں نے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے مسلسل تعاون کا یقین دِلایا۔وزیرموصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی حویلی اعجاز احمد جان، ممبر اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر پونچھ، سی اِی او پونچھ، پرنسپل، فیکلٹی ممبران اور دیگر ضلعی اَفسران بھی تھے۔










