سالانہ اعزازات ’احد زرگر میموریل ایوارڈ 2025‘

سالانہ اعزازات ’احد زرگر میموریل ایوارڈ 2025‘

مشتاق برق اور گلزار احمد گنائی کے ناموں کا اعلان

سرینگر //احد زرگر میموریل ریسرچ فاونڈیشن نے منگلوار کو اپنے سالانہ اعزازات ’احد زرگر میموریل ایوارڈ 2025‘ کیلئے جیوری کے متفقہ فیصلے کا اعلان کیا۔ اس سال 2نمایاں شخصیات مشتاق برق اور گلزار احمد گنائی کو ان کی علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جائے گا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق سالانہ ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے فائونڈیشن نے ممتاز مترجم، محقق اور صوفی شعریات کے ماہر مشتاق برق کو احد زرگر لٹریچر ایوارڈ 2025 کیلئے منتخب کیا ہے۔ جبکہ معروف لوک گلوکار استاد گلزاراحمد گنائی کو احد زرگر ایوارڈ برائے ثقافت سے نوازا جائے گا۔ احد زرگر میموریل ایوارڈ کی تقریب 12اگست 2025 کو احد زرگر میموریل ڈے کے موقعہ پر فاونڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگی جہاں دونوں شخصیات کو رسمی طور پر ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔۔ اْنہیں یہ اعزاز اْن کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے، جن میں صوفی شعرا جیسے سوچھ کرال، وہاب کھار، احد زرگر ، احمد بٹواری اور دیگر شعراکی تصنیفات کے انگریزی تراجم شامل ہیں۔ مشتاق برق کے نام مرحوم احد زرگر کی تین تصنیفات کے مکمل منظوم تراجم بھی ہیں، جبکہ اْن کی تحریریں کشمیر کی صوفی روایت کو عالمی ادبی منظرنامے تک لے جانے میں سنگِ میل ثابت ہوئی ہیں۔جبکہ گلزار گنائی کو کشمیری لوک موسیقی میں ان کی اعلیٰ خدمات، روحانی پیغام رسانی اور ثقافتی نمائندگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ جیوری کے مطابق وہ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کشمیری ثقافت اور صوفی اقدار کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔احد زرگر میموریل ایوارڈز کی تقریب 12 اگست 2025 کو احد زرگر میموریل ڈے کے موقعہ پر فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں شخصیات کو رسمی طور پر ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔