سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ’ وکست بھارت یووا کنیکٹ پروگرام (وِی بی وائی سی پی) کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ پروگرام وزیر اعظم کی رہنمائی میں تیار کیا گیا ہے جو کہ 12 ؍اگست 2025 ء کو بین الاقوامی یومِ نوجواناں کے موقعہ پر ملک گیر سطح پر شروع کیا جائے گا۔یہ پروگرام جس کی قیادت مرکزی وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کر رہی ہے، کا مقصد نوجوانوں کو بھارت کی ترقی کے سفر میں ایک فعال اور مؤثر شراکت دار بنانا ہے تاکہ 2047 ء تک ایک’ وکست بھارت‘ کا خواب پورا کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کی تمام 10 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروںسے پروگرام سے قبل کی سرگرمیوں اور 12 ؍اگست کو قومی سطح پر منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام کے لئے ان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے وائس چانسلروں کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام سے پہلے کی سرگرمیوں کا کیلنڈر وضع کریں تاکہ ان پر بروقت عمل درآمد کیا جا سکے۔ اُنہوں نے طلبأ کو’مائی بھارت‘ پورٹل پر رجسٹریشن کی ترغیب دینے اور سرگرمیوں کو مؤثر اور معلوماتی بنانے پر بھی زور دیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم شانت منو نے اس پروگرام کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اِفتتاحی تقریب 12 ؍اگست کو ملک بھر کی 1,339 یونیورسٹیوںمیں بیک وقت منعقد کی جائے گی جن میں مرکزی، ریاستی، ڈیمڈ اور پرائیویٹ یونیورسٹیاںشامل ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ اس دِن وزیرِاعظم ان تمام اداروں میں نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ اِس سے پہلے ان تمام اداروں میں ’’میرا بھارت پورٹل‘‘ کا تعارف کرنا ضروری تھا۔ وزیرِاعظم کے خطاب کے بعد ’وِکست بھارت‘ کی ویڈیو پرزنٹیشن، ’یووا سمواد (یوتھ پارلیمنٹ)‘کا اِنعقاد، ’وِکست بھارت شپتھ (حلف)‘ اور فاتحین کی پذیرائی کی جانی تھی۔پروگرام کے تحت ’نشا مکتی بھارت ابھیان‘ کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے بھی متعدد سرگرمیوں کے اِنعقاد کا بھی تصور کیا گیا ہے ۔ ان سرگرمیوں میں بچوں، نوجوانوں، ماسٹر رضاکاروںکی تربیت اور بیداری پیدا کرنا ، کھیلوں کی سرگرمیاں، سمیناروں، ویب ناروں، ورکشاپس، نکڑ ناٹک، سکیٹس ڈراموں کے اِنعقاد کے علاوہ ریلیاں، مصوری مقابلے اور دیگر تقریبات شامل ہیں جو مرکزی تقریب سے قبل منعقد کی جائیں گی۔مرکزی وزارتِ امورِ نوجواناں و کھیل کا’وِکست بھارت یووا کنیکٹ پروگرام‘ ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے قومی ویژن سے جوڑنا ہے۔ یہ پروگرام نوجوان نسل کو بھارت کی ترقیاتی سفر میں فعال شرکت اور شمولیت کے ذریعے بااِختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے۔










