سبارڈنیٹ لیجسلیشن کمیٹی میٹنگ سری نگر میں منعقد

سبارڈنیٹ لیجسلیشن کمیٹی میٹنگ سری نگر میں منعقد

اراضی کے شفاف اِستعمال اور عوام کو بلارُکاوٹ خدمات کی فراہمی پر زور

سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی سبارڈنیٹ کمیٹی نے آج سری نگر میں اسمبلی کمپلیکس میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے وضع کردہ قواعدوضوابط اور ضمنی قوانین کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین حسنین مسعودی نے کی اور اِس میں ارکان ریاض احمد خان، ہلال اکبر لون، شبیر احمد کلے، ستیش کمار شرما، عرفان حفیظ لون اور ڈاکٹر رمیشور سنگھ نے شرکت کی۔کمیٹی نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے مختلف قواعد، ذیلی قواعد، ضوابط اور ضمنی قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمیٹی نے مؤثراور بلارکاوٹ خدمات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، اراضی کی منتقلی کے شفاف طریقۂ کار اور لوگوں کے لئے آسان ریونیو خدمات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اَراضی قوانین سے متعلق اہم قانونی دفعات پر گہرائی سے بات چیت ہوئی۔کمیٹی نے عوام کی سہولیات کو بڑھانے کے لئے بغیر کسی پریشانی کے رجسٹریشن کے عمل اور ریونیو ریکارڈ تک آسان رَسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی نے مائیگرنٹ رولز ، ایگریرین ریفارمز رولز ، لینڈ گرانٹ رولز اور مائیگرنٹ کی جائیداد سے متعلق قواعد پر بھی غور و خوض کیا۔چیئرمین نے انصاف اور مساوات کو یقینی بنانے میں زمینی قوانین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور عوامی بہبود کے لئے کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ ایسی قانون سازی کے لئے تعمیری کردار ادا کریں جو معاشرے کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچائے۔دورانِ میٹنگ اراکین نے مفید تجاویز پیش کیں اور کمیٹی کے دائرہ اختیار سے متعلق اہم مسائل اٹھائے اور قانون سازی میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے کے اَپنے اِجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔