جاوید رانا نے امرت کے تحت 594 کروڑ روپے کے واٹرسپلائی سکیم سانبہ کا سنگِ بنیاد رکھا

جاوید رانا نے امرت کے تحت 594 کروڑ روپے کے واٹرسپلائی سکیم سانبہ کا سنگِ بنیاد رکھا

سانبہ// وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج سانبہ ٹاؤن میں واٹر سپلائی سکیم (ڈبلیو ایس ایس) کا سنگِ بنیاد رکھا جو عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے پینے کے پانی تک رَسائی میں بہتری کے مشن کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔یہ منصوبہ امرت 2.0 کے تحت سانبہ ٹاؤن میں پانی کی فراہمی میں اضافے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ اِس منصوبے کی لاگت تقریباً 594 کروڑ روپے ہے جس کا مقصد 530 فعال گھریلو نل کنکشن فراہم کرنا ہے۔اِس سکیم کی تکمیل کے بعد سانبہ کے تمام 17 وارڈوںمیں محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی جس سے زائد اَز 30,000 شہری مستفید ہوں گے۔وزیر موصوف نے سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے عمر عبداللہ کی قیادت والی کے دیرپا، مساوی اورشہری انفراسٹرکچر کی سمت کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ سکیم نہ صرف پانی کی فراہمی میں بہتری لائے گی بلکہ سانبہ کے ہر فرد کے لئے ایک صحت مند اور باعزت زندگی یقینی بنائے گی۔ یہ منصوبہ شہری ترقی کے وسیع تر ویژن کا حصہ ہے جو امرت 2.0 کے تحت دیرپائی کو فروغ دیتا ہے۔‘‘بعد میں وزیر جل شکتی نے دیہی سانبہ میں چھ واٹر سپلائی سکیموں کا بھی اِفتتاح کیا۔
جل جیون مشن کے تحت منظور کئے گئے پانچ پروجیکٹ اور یوٹی کیپکس بجٹ کے تحت ایک اہم بنیادی ڈھانچے کے اقدامات ہیں جن کا مقصد سانبہ کے کئی گاؤں کی موجودہ اور مستقبل میں پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ان واٹر سپلائی سکیموں میں دیوکا، ڈابوہ، گنگیری جموڈہ، سندھی۔II سنگوال۔II اور ڈابری شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی منظوری شدہ لاگت 1,775 لاکھ روپے ہے جو دیہی علاقوں میں پانی کی دستیابی اور تحفظ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔وزیر جاوید احمد رانا نے اِفتتاحی تقریب میں اس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ہر دیہی گھرانے تک محفوظ اور مناسب مقدار میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے ان علاقوں کے لئے زندگی کی لکیریں ہیں جو پانی کی قلت اور پسماندگی کا شکار ہیں۔ اُنہوں نے جل شکتی محکمہ کے اَفسران اور منصوبے پر کام کرنے والی ایجنسیوں کی مربوط کوششوں کو سراہا۔اِس منصوبے کے اہم اجزأمیں سمپ ٹینک، مختلف صلاحیتوں کے گرائونڈ سروس ریزروائرز( جی ایس آرز)، رائزنگ مین اور تقسیم پائپ لائنز کا جامع نیٹ ورک، ریپڈ سینڈ فلٹریشن پلانٹس، جدید پمپنگ مشینری کی تنصیب اور بجلی کے سب سٹیشن کی تعمیر شامل ہے تاکہ پانی کی فراہمی میں رُکاوٹ نہ آئے۔اِس منصوبے کا ایک اہم پہلو گھریلو سطح پر پانی کی فراہمی میں توسیع ہے۔ ان سکیموں کے تحت 673 فعال گھریلو نل کنکشن (ایف ایچ ٹی سیز) فراہم کئے گئے ہیں تاکہ علاقے میں پانی کی دستیابی کو بہتر بنایا جا سکے۔اس منصوبے کا اِفتتاح حکومت کے دیہی ترقی کے جامع ویژن اور جل جیون مشن کے بنیادی مقاصد رسائی، مساوات، دیر پائی اور محفوظ و قابل اعتماد پینے کے پانی کے ذریعے کمیونٹی کو بااِختیار بنانے کے لئے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔