جموں وکشمیر نے اکھل بھارتیہ شکھشا سماگم ۔2025 نئی دہلی میں نمایاں کارکردگی دِکھائی

جموں وکشمیر نے اکھل بھارتیہ شکھشا سماگم ۔2025 نئی دہلی میں نمایاں کارکردگی دِکھائی

سکینہ اِیتو نے جموں وکشمیر میں’’ پیغام‘‘ این اِی پی میلے کی کامیابی کو اُجاگر کیا

نئی دہلی// اکھل بھارتیہ شکھشا سماگم۔ 2025کا آج بھارت منڈپم نئی دہلی میں منعقد ہوا جس کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی ( این اِی پی) 2020 کے تبدیلی کے اہداف کو آگے بڑھانا ہے ۔تقریب کا اِفتتاح مرکزی وزیر برائے تعلیم دھرمیندر پردھان کے ایک خطاب سے ہوا جنہوں نے ہندوستان میں جامع اور اِختراع پر مبنی تعلیم کے لئے مرکز کے عزم پر زور دیا۔ جموں و کشمیر یوٹی سے وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اُن کے ہمراہ سیکرٹری سکولی تعلیم جموںوکشمیر رام نواس شرما،ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو، ایس پی ڈِی سماگراہ شکھشا اور ایچ ایس ایس پہلو کولگام جموںوکشمیر کی انسپئیر منک ایوارڈز میں کامیاب دو ٹاپر طلبا بھی تھے۔تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں متعدد والدین نے این اِی پی ۔2020سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنے بالخصوص مقامی سطح پر شروع کی گئی مہمات کے لئے مرکزی اورجموں و کشمیر حکومت کی کوششوں کو سراہا۔
سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب اعلیٰ حکام اور تعلیمی اِداروں کے سربراہان کی اُن کوششوں کو سراہا جن کی بدولت ’’این اِی پی میلہ ۔پیغام‘‘ میں بھرپور عوامی شرکت ممکن ہوئی جو کہ جموں و کشمیر کے کونے کونے میں منعقد ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس اَقدام نے این اِی پی ۔2020 کا پیغام طلبا، اساتذہ اور عوام تک مؤثر طریقے سے پہنچایا ہے۔سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس نے این اِی پی ۔2020 کے بروقت اور مؤثر عمل آوری کے لئے حکومت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے قومی ویژن کے مطابق تعلیم میں معیار، شمولیت اور اِختراعات پر زور دیا۔ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتونے بھی سماگم میں شرکت کی اور اُنہوں نے نئی دہلی سے کشمیر میں منعقدہ این اِی پی میلہ ۔2025 کی نگرانی کی۔ این اِی پی۔2020 کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے جموں وکشمیر میں’’پیغام‘‘کے عنوان سے ایک وسیع میگا پروگرام منعقد کیا گیا ۔ صرف وادیٔ کشمیر میں تقریباً 400 تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 42,000 سے زائد طلبا، 3,000 سے زیادہ اساتذہ و اداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں عام شہریوں نے شرکت کی۔این اِی پی میلہ میں مباحثے، مکالمے اور ثقافتی پروگرام شامل پیش کئے گئے جن کا مقصد طلباء اور معلمین کو پالیسی کے علم اور جذبے سے بااختیار بنانا تھا۔جموں و کشمیر کے اعلیٰ حکام اور نوجوان کامیاب طلبا کی قومی سطح پر شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ یہ علاقہ این اِی پی ۔2020 کے ویژن کے تحت اپنے تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلی لانے میں سرگرم اور قابلِ تحسین کردار ادا کر رہا ہے۔