سری نگر// سٹیٹ کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریس کمیٹی جموں و کشمیر نے آج وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ،ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں کمیٹی کی کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا اور یونین ٹریٹری میں صارف کے حقوق سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین سوربھ بھگت، سٹیٹ کنزیومر کمیشن کی کار گزار صدر نگہت سلطانہ اور ضلع کنزیومر کمیشن کے افسران بشمول سری نگر، بارہمولہ، بڈگام اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔دورانِ میٹنگ کمیٹی نے وزیرموصوف کو صارف کے مفادات کے تحفظ کے لئے جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں میں بیداری، شکایات کے ازالے اور رسائی کے حوالے سے چیلنجوں کو اُجاگر کیا۔ستیش شرما نے کمیٹی کی کوششوں کی سراہنا کی اور صارفین کو بااِختیار بنانے کے لئے ایک جامع اور کمیونٹی پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر ضلع اور بلاک سطح پر ایک منظم پروگرام شروع کیا جانا چاہیے جس میں بیداری کیمپ، سکول اور کالج سطح پر پروگرام، نوجوانوں کے کلب کے ساتھ شراکت داری اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا اور موبائل ایپلی کیشنوں کا اِستعمال شامل ہو۔وزیر موصوف نے کہا،’’حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ ہر شہری اَپنے حقوق اور فرائض سے واقف ہو اور اِس کے لئے نوجوانوں، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی شراکت داری ضروری ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’ایک وسیع آئی ای سی (معلومات، تعلیم اور مواصلات) مہم شروع کی جائے گی جس میں ایف ایم ریڈیو، مقامی ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کا اِستعمال کیا جائے گا تاکہ صارفین کے اہم پیغامات کو پھیلایا جا سکے، صارفین کلبوں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا اور نئے کلبوں ضلع انتظامیہ، تعلیم اور دیگر محکموں کے تعاون سے قائم کئے جائیں گے۔‘‘
اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے مستقبل کے لائحبہ عمل کے لئے ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر ضلع کو ڈِی آر ڈی سیز اور صارف فلاحی انجمنوں کے ساتھ مشاورت کر کے صارفین بیداری پروگراموں کا ماہانہ کیلنڈر تیار کرنا چاہیے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ صارفین ہیلپ لائن نمبروں اور شکایات ازالے کے طریقۂ کار کو تمام راشن ڈیپو، فیئر پرائس شاپوں اور عوامی دفاتر میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ صارفین کی شکایات کی حقیقی وقت میں نگرانی کو یقینی بنائیں اور صارفین کی بیداری اور تحفظی اقدامات پر ایک سہ ماہی جائزہ رپورٹ تیار کریں۔










