جموں// محکمہ سٹیٹ ٹیکسز جموںوکشمیر نے صوبہ جموںمیں جی ایس ٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے ایک وسیع پیمانے پر معائینہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ اِس مہم کا مقصد ٹیکس چوری کو روکنا اور ٹیکس دہندگان کو قواعد و ضوابط کا پابند بنانا ہے۔یہ مہم کمشنر پی کے بٹ کی قیادت اور ایڈیشنل کمشنر اَنفورسمنٹ و ایڈمنسٹریشن جموں نمرتا ڈوگرہ کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہے۔ خصوصی انفورسمنٹ ٹیموں نے مختلف تجارتی مراکز پر انسپکشن کر کے کاروباری ریکارڈز، بل بکس، فزیکل سٹاک اور دیگر دستاویزات کی باریک بینی سے تصدیق کی۔معائینوں کے دوران جدید اے آئی ٹولز جیسے بزنس انٹلی جنس اور فراڈ اینالیٹکس کا استعمال کیا گیا تاکہ جعلی انوائسنگ، جعلی ای وے بلز اور غلط ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) کے معاملات کا پتا چلایا جا سکے۔کمشنر پی کے بٹ نے انفورسمنٹ ٹیموں کی محنت کو سراہا اور کہا کہ مضبوط قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ کاروبار میں آسانی کو بھی یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے۔ اُنہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ریکارڈز درست رکھیں اور جی ایس ٹی قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ایڈیشنل کمشنر نمرتا ڈوگرہ نے بتایا کہ اس آپریشن کے تحت 13 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو فروخت میں کمی ظاہر کرنے اور جعلی انوائسز کے اِستعمال میں ملوث ڈیلروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کاروباریوں سے اپیل کی کہ وہ انوائس پر مبنی نظام اپنائیں اور اپنے جی ایس ٹی ریٹرن میں درست سیلز رپورٹ کریں تاکہ ریاستی محصولات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔










