جاوید رانا نے پونچھ میں آر ڈِی ایس ایس سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے پونچھ میں آر ڈِی ایس ایس سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جموں// وزیربرائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں پونچھ ضلع میں رِی ویمپڈ ڈِسٹری بیوشن سیکٹر سکیم (آر ڈِی ایس ایس) کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔یہ میٹنگ بالخصوص آر ڈی ایس ایس سکیم کے تحت جاری کام کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی جو کہ جموں و کشمیر میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید بنانے کے لئے ایک اہم قدم ہے جو جموںوکشمیر میں بالخصوص پہاڑی ضلع پونچھ میں جو اکثر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے قدرتی خطرات سے دوچار رہتا ہے۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جموں پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈِی سی ایل) شری کانت بالا صاحب سوسے، چیف اِنجینئر (پروجیکٹس) و سیکرٹری (ٹیکنیکل) ممتاز احمد، چیف اِنجینئر کے کے تھاپا اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کام کے معیار میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے مقررہ معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں۔ میٹنگ میں بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمروں اور سروس لائنز کی مبینہ ناقص تنصیب مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر جاوید احمد رانانے ہدایت دی کہ تعمیراتی مواد منظور شدہ بی او کیو اور تکنیکی تفصیلات کے عین مطابق ہونا چاہیے تاکہ ڈھانچے کی مضبوطی اور دیرپائی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے یہ بھی تاکید کی کہ تمام آلات کی تنصیب کے دوران کوالٹی ایشورنس ٹیسٹنگ اور مکمل معائینہ لازمی طور پر کیا جائے تاکہ نظام کی حفاظت اور افادیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) کے دائرہ کار سے کسی بھی انحراف سے پہلے باقاعدہ منظوری لی جائے تاکہ کام میں شفافیت اور منصوبہ بندی کے مطابق پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔وزیر موصوف نے ٹھیکیداروں اور مزدوروں کے لئے محفوظ کام کی پریکٹس کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا بالخصوص ارتھنگ اور حفاظتی آلات کی مناسب تنصیب کو لازم قرار دیا تاکہ عوامی سلامتی کو درپیش خطرات سے بچا جا سکے۔میٹنگ میں وزیر نے جاری منصوبوں کی سست رفتاری اور سروے میں تاخیر پر بھی اہم تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ آر ڈی ایس ایس سکیم کے تمام منصوبے اعلیٰ معیار، مکمل شفافیت اور مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ مکمل کئے جائیں تاکہ پونچھ کے لوگوں کوفائدہ پہنچایا جا سکے۔