جے جے ایم 2.0 ڈیش بورڈ پرصارفین کی آن بورڈ ِنگ تیز کرنے کی ہدایت دی
سری نگر//مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن ( جے جے ایم ) جموںوکشمیر خورشید احمد شاہ نے آج بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ جموں و کشمیر کے پی ایچ اِی ڈویژنوں کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ کے شروعات میں مشن ڈائریکٹر نے مختلف یوزرس یعنی ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں، ایگزیکٹیو انجینئروں، پنچایت سیکرٹریوں اور سرپنچوں کو جل جیون مشن کی نئی اِنفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (آئی ایم ایس) 2.0 ڈیش بورڈ کے آن بورڈنگ کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ مشن ڈائریکٹر کو جانکاری دی گئی کہ بیشتر یوزرنئے آئی ایم ایس ڈیش بورڈ پر آن بورڈ ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے باقی ماندہ ڈویژنوںپر زور دیا کہ وہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ رابطہ کر کے اس عمل کو مکمل کریں تاکہ ہر ضلع میں ایک مضبوط ڈِسٹرکٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن مشن (ڈِی ڈبلیو ایس ایم) ڈیش بورڈ دستیاب ہو اور عوام کو جل جیون مشن کی عمل آوری سے متعلق معلومات با آسانی دستیاب ہو سکیں۔مشن ڈائریکٹر نے جے جے ایم کے تحت ضلعی آن لائن ڈیش بورڈزکے لئے پنچایت سیکرٹریوں کے آئی ڈیز بنانے کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ پنچایتی کارکنوں کے لئے شناختی کارڈ بنانے کا کام جاری ہے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے ڈویژنوں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ اضلاع کے ڈِسٹرکٹ اِنفارمیشن سنٹرز (ڈِی آئی سیز) کے ساتھ مل کر پنچایتی عہدیداروں کے لئے سرکاری اِی میل آئی ڈی بنانے کے عمل کو تیز کریںجو اَپ گریڈ شدہ ڈیش بورڈ پر بلاک اور پنچایت پروفائلز بنانے کے لئے لازمی ہے۔اُنہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ اس عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ جموں و کشمیر میں جل جیون مشن کے تحت ایک جامع آپریشن اینڈ مینٹی ننس (او اینڈ ایم) پالیسی کی راہ ہموار ہو سکے۔










