آل اِنڈیا فارسٹ آفیسر ز فیڈریشن کے عہدہ داروں نے وزیر جنگلات سے ملاقات کی

آل اِنڈیا فارسٹ آفیسر ز فیڈریشن کے عہدہ داروں نے وزیر جنگلات سے ملاقات کی

سری نگر// آل اِنڈیا فارسٹ آفیسرز فیڈریشن (اے آئی ایف او ایف) کے عہدہ داروں نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ سریش کمار گپتا ک ی قیادت میں وفد نے وزیر موصوف کو آگاہ کیا کہ یوم شہدائے جنگلات(فارسٹ مارٹرز ڈے) 2025 کی مرکزی تقریب 11؍ ستمبر 2025ء کو سری نگر میں منائی جائے گی۔اِس دِن کا مقصد اُن فارسٹ اَفسران اور اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کے قیمتی جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کے لئے اَپنی جانیں قربان کیں۔وزیر جنگلات نے تقریب کے لئے سری نگر کے اِنتخاب کو سراہا اور کہا کہ فارسٹ اَفسران، گارڈز اور ماحولیاتی ماہرین قدرتی وسائل کے تحفظ میں کلیدی رول اَدا کر رہے ہیں۔اُنہوں نے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اس قومی سطح کی تقریب کے اِنعقاد میں فیڈریشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ ماحولیاتی خدمت میں جان دینے والوں کو مناسب خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔وزیر جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کے لئے کام کرنے والے اَفراد کی بہادری اور لگن کو تسلیم کرنے والے اقدامات کی حمایت کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’فارسٹ مارٹرز ڈے اُن فارسٹ افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے بے لوث خدمات انجام دیں اور اَپنی جانیں نچھاور کیں۔‘‘اِس موقعہ پروزیر موصوف نے زور دیا کہ ہمیں اَپنی قدرتی وراثت کے تحفظ کے لئے ان کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان سے مستفید ہو سکیں۔