سکینہ اِیتو نے جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال سری نگر میں’ ٹرپل مائل سٹون موومنٹ۔2025‘ کی تقریب سے خطاب کیا

سکینہ اِیتو نے جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال سری نگر میں’ ٹرپل مائل سٹون موومنٹ۔2025‘ کی تقریب سے خطاب کیا

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال (جے ایل این ایم ایچ) رعناواری میں منعقدہ ’ٹرپل مائل سٹون موومنٹ۔2025ٗ کی تقریب سے خطاب کیا۔ یہ پروگرام ہسپتال کی خدمات، علم، نگہداشت اور طبی ترقی کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ جے ایل این ایم ہسپتال، ڈاکٹروں، محققین اور بڑی تعداد میں میڈیکل طلبأ و طالبات نے شرکت کی۔اِس تقریب میں جو تین اہم سنگ میل منائے جارہے ہیں ان میں ’الرجی الرٹ۔2025۔ایک کانفرنس کم ورکشاپ ،جے ایل این ایم جرنل کا اجرأ اور پی جی ریسرچ پرزنٹیشن شامل ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الرجی کی بروقت تشخیص اور کمیونٹی پر مبنی بیداری کی اہمیت پر زور دیابالخصوص موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور طرزِ زِندگی کے اثرات کے تناظر میں جو الرجی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا، ’’بیدار ی اور بروقت مداخلت الرجی کے مؤثر اِنتظام کی کلید ہے۔ ‘الرجی الرٹ۔ 2025 ‘جیسے اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم لوگوں اور صحت خدمات فراہم کرنے والوں کو اس بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کی خاطر ضروری آلات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ طبی سائنس دن بہ دن ترقی کر رہی ہے، اور ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ جدید تحقیق اور علاج کی تیز رفتار پیش رفت سے خود کو ہم آہنگ رکھیں۔وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر میں صحت شعبے میں حکومت کی جانب سے حالیہ اَقدامات اور طبی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے کی گئی کوششوں پر بھی بات کی۔اُنہوں نے جے ایل این ایم ہسپتال کے عملے کی انتھک خدمات کی سراہناکی اور اسے وادی کا ایک اعلیٰ درجے کا ٹریشری طبی مرکز بنانے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے ہسپتال کی تاریخی اہمیت اور مریضوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی جاری کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے’ایشین جرنل آف کلینیکل پریکٹس اینڈ ریسرچ‘کے عنوان سے جے ایل این ایم جرنل بھی جاری کیا۔اُنہوں اور میڈیکل شعبے میں بہترین تحقیق کرنے والے پوسٹ گریجویٹ محققین میں اعزازات بھی تقسیم کئے۔ہسپتال اِنتظامیہ نے وزیر صحت سکینہ اِیتو اور حکومت کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ہسپتال کی بحالی اور مریضوں کے لئے جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم رول اَدا کیا۔واضح رہے کہ ’الرجی الرٹ۔2025 کانفرنس کا مقصد الرجی اور امیونولوجی کے میدان میں نئی جہتوں کو دریافت کرنا اور ماہرین و محققین کو ایک پلیٹ فارم پر اَکٹھا کرنا تھا۔