جاوید ڈار نے فروٹ منڈی کانسپورہ کا دورہ کیا

جاوید ڈار نے فروٹ منڈی کانسپورہ کا دورہ کیا

بارہمولہ میں آبپاشی سہولیات کاجائزہ

بارہمولہ//وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے آج بارہمولہ میں فروٹ منڈی کانسپورہ ا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں فروٹ گروئورس ایسوسی ایشن کے اراکین، جدید طرز پر کاشت کرنے والے باغبانوں اور کسانوں سے بات چیت کی اور اُن کے مسائل و تجاویز سنے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی بارہمولہ جاوید احمد بیگ، ممبر اسمبلی سوپور ارشاد رسول کار،ممبر قانون ساز اسمبلی واگورہ عرفان حفیظ لون، ڈائریکٹر زراعت کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر (پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ) اور دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے۔ وزیر زراعت نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں کسانوں کی بہبود کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے یقین دلایا کہ فروٹ گروئورس کے تمام جائز مسائل کو مقررہ وقت میں اور منظم طریقے سے حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت قوانین کی مؤثر عمل آوری اور سخت نگرانی کو یقینی بنا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ بارہمولہ میں ایک جدید ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جا رہی ہے جو زرعی تحقیق اور تجزیے کی خاطر کسانوں کے لئے اہم سہولیت بنے گی۔ مزید یہ کہ پوسٹ ہاروسٹ نقصانات کو کم کرنے اور میوہ جات کی مارکیٹ میں فروخت اور معیار بہتر بنانے کے لئے کولڈ سٹوریج سہولیات بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔وزیر جاوید احمد ڈارنے کہا کہ حکومت کی طرف سے عنقریب موسمیاتی بنیاد پر فصل اِنشورنس سکیم بھی متعارف کی جائے گی تاکہ آفاتِ سماوی یا فصل کی ناکامی کی صورت میں میوہ کاشتکاروں کو مالی تحفظ فراہم ہو اور زراعتی شعبے میں استحکام لایا جا سکے۔بعدمیں اُنہوں نے بارہمولہ کے مختلف علاقوں جن میں تجر شریف، ہارون، زینہ گیر، زالورہ اور بومئی کے بارانی علاقے شامل ہیں، کا دورہ کیا اور وہاں موجود آبپاشی سہولیات کا جائزہ لیا۔ فیلڈ دورے کے دوران متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ قابلِ عمل مقامات کی نشاندہی کریں اور بورویلوں کے لئے ڈِی پی آرز تیار کریں تاکہ ان علاقوں میں آبپاشی کو بہتر بنایا جا سکے۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ محکمہ زراعت نے بارانی علاقوں میں آبپاشی کے لئے کمیونٹی بورویلز قائم کرنے کی نئی سکیم شروع کی ہے جسے نبارڈ فنڈ کر رہا ہے۔ اِسی طرح جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی)سکیم کے تحت جموں و کشمیر کے بارانی علاقوں میں مجموعی طور پر 6200 بورویلز کی تنصیب کا ہدف رکھا گیا ہے۔انہوں نے پانی سے محروم علاقوں میں ہدفی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی اپیل کی تاکہ آبپاشی و پانی کے انتظام میں موجود خلا کو دور کیا جا سکے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں آبپاشی ڈھانچے کو بہتر بنانے، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے اور دیہی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔