ایوان میں کئے گئے وعدوں پر جامع نظرثانی او رعمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور
سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی حکومتی یقین دہانیوں کی کمیٹی نے اسمبلی کمپلیکس سری نگرمیں ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمیں سجاد غنی لون نے کی۔ میٹنگ میں کمیٹی کے اراکین چودھری محمد اکرم، جاوید احمد میرچال، ہلال اکبر لون، اِفتخار احمد، میاں مہر علی، موہن لال، سنیل بھردواج اور شگن پریہار نے شرکت کی۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا نے میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں بتایا۔چیئرمین نے اَپنے اِبتدائی کلمات میں کہا کہ کمیٹی ایوان میں وزرأکی جانب سے وقتاً فوقتاً دی گئی یقین دہانیوں، وعدوں اور اعلانات کا باریک بینی سے جائزہ لے گی اور ان پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی معائینہ کرے گی تاکہ دیکھا جا سکے کہ کیا ان پر مقررہ مدت میں عمل ہوا ہے یا نہیں۔اُنہوں نے حکومت کو جوابدہ بنانے اور شفاف طرز ِحکمرانی کو فروغ دینے میں کمیٹی کے کردار کو اِنتہائی اہم قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس حوالے سے مؤثر کام کی گنجائش موجود ہے اور کمیٹی کی میٹنگ باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے تاکہ تمام وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اِلتوا ٔمیں پڑی یقین دہانیوں کا محکمہ وار جائزہ لیا جائے گا تاکہ عملی نتائج حاصل کئے جا سکیں۔چیئرمین نے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ کمیٹی کے کام میں بھرپور تعاون فراہم کریں اور تعمیری تجاویز کے ذریعے حکومت کی طرف سے ایوان میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں مددگار کردار اَدا کریں۔ دورانِ میٹنگ اراکین نے عوامی اہمیت کے متعدد معاملات اُٹھائے اور قیمتی تجاویز کا اِشتراک کیا۔










