سری نگر میں پرولیج کمیٹی میٹنگ منعقد

سری نگر میں پرولیج کمیٹی میٹنگ منعقد

اراکین اسمبلی کے حقوق و مراعات پرتبادلہ خیال

سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پرولیج کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں اراکینِ اسمبلی کے حقوق اور مراعات سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین نظام الدین بٹ نے کی۔میٹنگ میں اراکینِ اسمبلی وِکرم رندھاوا، جاوید ریاض (بیدار)، سلمان ساگر، ریاض احمد خان، بھرت بھوشن اور جاوید اِقبال نے شرکت کی۔چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ اراکینِ اسمبلی کو اپنے آئینی حقوق اور مراعات کو تمام متعلقہ فورموںپر مؤثر انداز میں اُجاگر کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہاکہ ایک واضح فریم ورک تیار کیا جائے تاکہ منتخب نمائندوں کی عزت اور مؤثر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ قانون، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) اور پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کے ساتھ مشترکہ میٹنگ منعقد کیا جائے گی تاکہ آئینی مینڈیٹ کے دائرے میں رہتے ہوئے مسائل کو حل کیا جا سکے اور متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں مختلف امور پر تفصیل سے بحث و تمحیص کی گئی جن میں عملے کی سہولیات (ڈرائیوروں)، سیکورٹی اِنتظامات، رہائش اور آفس سہولیات سمیت دیگر مراعات شامل تھیں۔کمیٹی نے جموں اور سری نگر میں موجودہ اور سابق اراکینِ اسمبلی کے لئے بہتر ہوسٹل سہولیات اور کلب کی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔چیئرمین نے کمیٹی کے تمام اراکین کی اِجتماعی صلاحیتوں پر اعتماد کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اِدارے کی سا لمیت کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیٹی اَپنے مقررہ دائرہ اِختیار میں رہ کر کام کرے گی اور باقاعدگی سے میٹنگ منعقد کرے گی تاکہ پیش کردہ مسائل کے قابل عمل حل تیار کئے جا سکیں۔اراکین نے میٹنگ میں فعال طور پر حصہ لیا اور قانون سازوں کو درپیش مسائل پر قیمتی تجاویز اور آرأپیش کیں۔