dooran

جاوید ڈار نے زالورہ سے سری نگر تک جے کے آر ٹی ی بس سروس کا اِفتتاح کیا

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج اور اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے شمالی کشمیر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش کے طور پر آج زالورہ سے سری نگر تک جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) کی نئی بس سروس کا اِفتتاح کیا۔یہ طویل عرصے سے درکار سروس مقامی لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو اَب پورا ہوا ہے۔ اِس سروس سے زالورہ، ہروان، تجر شریف اور سوپور کے علاقوں کے لوگوں کو سری نگر شہر تک بہتر سفری سہولیات میسرہوگی اور خطے کی مجموعی رابطہ کاری میں بہتری آئے گی۔اِس موقعہ پروزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سروس کا آغاز عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری روزمرہ ٹرانسپورٹ میں سہولیت، مقامی معیشت کو فروغ اور کمیونٹیوں کے باہمی ربط کے لئے نہایت اہم ہے۔وزیر جاوید احمد ڈار نے یقین دِلایا کہ حکومت سڑکوں کی بہتر تعمیر، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے اَقدامات جاری رکھے گی۔بعد میں وزیر موصوف نے گور پورہ اور رفیع آباد کا دورہ کیا اور اُنہو ں نے وہاں محرم الحرام کی مجالس میں شرکت کی۔