بڈگام//محرم الحرام کے آئندہ مقدس مہینے کے پیش نظر وزیر زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کی تقریبات کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران آج ضلع بڈگام میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار ، ایم ایل اے بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی ، ایم ایل اے خانصاحب سیف الدین بٹ ، ڈپٹی کمشنر بڈگام ، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران ، مختلف شیعہ ایسوسی ایشن کے نمائندے اور ضلع کے تمام حلقوں کے وفد بھی موجود تھے ۔ بات چیت کے دوران شیعہ کمیونٹی کے نمائندوں نے درپیش خدشات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مسٹر جاوید ڈار نے سول انتظامیہ اور برادری کے نمائندوں کے مابین فعال ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر حقیقی امور کو حل کریں اور تمام ضروری انتظامات پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔ وزیر موصوف نے کمیونٹی کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل اور امور کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس مقدس مہینے کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ اس مقدس مہینے میں شیعہ برادری کے زیر اثر علاقوں میں تمام ضروری سہولیات کو بہتر بنانے پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور اس کیلئے حکومت کی طرف سے پہلے ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔










