سکینہ اِیتونے دمحال ہانجی پورہ حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا

سکینہ اِیتونے دمحال ہانجی پورہ حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا

مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور عوامی مسائل و ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا

کولگام// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے دمحال ہانجی پورہ (ڈی ایچ پورہ) حلقہ اِنتخاب کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران متعدد دیہات اور بستیوں کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں مقامی باشندوں، محلہ کمیٹیوں اور نمائندوں سے روبرو بات چیت کی۔ اُنہوں نے بات چیت کے دوران صحت سہولیات ، سڑک رابطے ،بجلی اور پانی کی فراہمی اور دیگر روزمرہ کے مسائل کے بارے میں لوگوں کے مسائل اور شکایات بغور سُناجن پر حکومت کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔سکینہ اِیتو نے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کے ووٹ اور اعتماد سے قائم ہوئی ہے اور اس لئے وزرأ لوگوںکے مسائل سننے کے لئے مسلسل میدان میں ہیں جو عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی نچلی سطح پر حکمرانی کے عز م کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔اُنہوں نے کہا،’’عوامی مسائل کی موجودگی اور ان کا بروقت حل اس حکومت کا مرکزی نصب العین ہے۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ حکومت عوامی رَسائی اور لوگوں پر مرکوز حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ اُنہوںنے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔