dooran

حکومت نے دیہی ترقی محکمہ میں کلریکل سٹاف کی کمی کو پور ا کرنے کیلئے 122 جونیئر اسسٹنٹوں کی تقرری کی

نئی بھرتیوں سے دیہی حکمرانی کو بہتر بنانا اور لوگوں کو بروقت خدمات فراہم کرنا ہے۔اعجاز اسد

سری نگر//حکومت جموں وکشمیر نے دیہی شعبے میں اِنسانی وسائل کو مضبوط بنانے کی ایک بڑی کوشش کے تحت،یہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ میں 122 جونیئر اسسٹنٹ (یونین ٹیریٹری، صوبائی و ضلعی کیڈر) تعینات کئے ہیں تاکہ 2021 سے فیلڈ دفاتر میں جاری کلریکل عملے کی شدیدکمی کو پورا کیا جا سکے۔یہ تقرریاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ذریعے مکمل ہوئیںجو محکمہ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست کے بعد عمل میں آئیں۔ حال ہی میں جاری کی گئی حتمی سلیکشن لسٹ ایک طویل بھرتی عمل کی تکمیل ہے جس کا مقصد 2021 سے جاری عملے کی کمی کو دور کرنا ہے۔تقرری عمل میں اَسامیوںکی منظم تقسیم کی گئی جس میں یونین ٹیریٹری سطح کو1 اَسامی مختص کی گئی تھی، جموں و کشمیر ڈویژن کیڈر کے لئے 2،2 اَسامیاں، صوبہ جموں کے اَضلاع میں 55 اورصوبہ کشمیرکے اَضلاع میں 62 اَسامیاں تفویض کئے گئے تھے۔ بھرتی مہم کا مقصد پورے یونین ٹیریٹری میںضلعی سطح کے دیہی ترقیاتی محکمہ دفاتر اور بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر( بی ڈِی او) میں کلریکل و ایگزیکٹیو سٹاف کی خالی اَسامیوں کو پُر کرنا ہے۔سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ پنچایتی راج محمد اعجاز اسد نے کہا کہ یہ تقرریاں محکمہ کے لئے ایک اہم قدم ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کرے گی۔ اُنہوں نے کہا،’’جونیئر اسسٹنٹوں کی تقرری ایک دیرینہ ضرورت تھی جس کا مقصد دیہی حکمرانی کو بہتر بنانا اورلوگوں کو بروقت خدمات فراہم کرنا ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ نئے جونیئر اسسٹنٹ دیہی دفاتر میں فائل پروسیسنگ کو تیز کرنے ، عوامی شکایات کے ازالے کے بہتر بنانے ، فلاحی سکیموں کی عمل آوری کو مضبوط بنانے اورزیادہ بوجھ والے بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر ( بی ڈِی اوز) کو ضروری تعاون فراہم کرنے میں کلیدی کردار اَدا کریں گے۔ اِس طرح جموںوکشمیر میں دیہی حکمرانی کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔122 اَسامیوں میں سے 120 کو فوری تقرری کے لئے منظوری دی گئی ہے جبکہ 2 اَسامیوں کو مزید سفارشات تک روک دِیا گیا ہے۔ منتخب اُمیدواروں کو 21 دن کے اندر اپنا پرسنل ویری فکیشن رول (پی وِی آر) جمع کرناہوگا تاکہ ان کی تقرری کو حتمی شکل دی جا سکے۔گزشتہ برس جموں و کشمیر حکومت نے مختلف اَضلاع میں 1,395 پنچایت سیکرٹریوں کا تقرر کیا اور اِس سے قبل 1,889 پنچایت اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی تھی جس سے دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ کی اَفرادی قوت کو نمایاں تقویت ملی۔