سکینہ اِیتو نے آیوش اینڈ ویلنس سینٹر ، اوپی ڈی اور ٹراما ہسپتال بجی بہاڑہ کے دیگر اہم شعبوں کا اِفتتاح کیا
اننت ناگ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج بجی بہاڑہ میں ٹراما ہسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، آیوش اینڈ ویلنس سینٹر اور دیگر اہم شعبوں کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ حکومت سماج کے ہر شعبے اور طبقات کی مربوط ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ یہ حکومت عوام کے ووٹ اور اعتماد سے قائم ہوئی ہے اور اِس طرح یہ حکومت ہمارے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے انتھک محنت کام کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا ،’’ہماری گزشتہ سات ماہ کی حکمرانی کا رِپورٹ کارڈ اِس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر ہر شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، چاہے وہ صحت، تعلیم یا دیگر سماجی شعبے ہوں۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے تحت پورے جموں و کشمیر میں میڈیکل اِنفراسٹرکچر کو اَپ گریڈ کیا جارہا ہے اور اِس کے علاوہ میڈیکل اَفسران کے ساتھ ساتھ دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کے لئے بھی پر خاص توجہ دی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا،’’ گزشتہ چند مہینوں میں اِس حکومت نے تین سو سے زیادہ ڈاکٹروں کو بھرتی کر کے ان علاقوں میں تعینات کیا ہے جہاں ان کی اشد ضرورت تھیں تاکہ طبی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی بڑی تعداد میں ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ بنیادی سطح پر صحت سہولیات کو مضبوط کیا جا سکے جو کہ عمر عبداللہ حکومت کا اہم مقصد ہے۔ وزیرموصوفہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ نو قائم شدہ آیوش اینڈ ویلنس سینٹر سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی سری گفوارہ بجی بہاڑہ بشیر احمد ویری نے اَپنے حلقہ اِنتخاب میں صحت و تعلیمی شعبوں سے متعلق مختلف ترقیاتی ضروریات پر مبنی ایک تفصیلی میمورنڈم وزیر کو پیش کیا۔ وزیر موصوفہ نے یقین دہانی کی کہ ان مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
سکینہ اِیتو نے اِفتتاحی تقریب کے بعد ٹراما ہسپتال کا تفصیلی چکر بھی لگایا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ساتھ بات چیت کی اور تمام اہم طبی آلات اور ادویات کی دستیابی پر زور دیا۔ اُنہوں نے اس ہسپتال کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی شاہراہ کے کنارے واقع ہونے کی وجہ سے ایمرجنسی صورتحال میں بہت اہم کردار اَدا کرتا ہے۔اِس موقعہ پرچیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) اننت ناگ نے وزیر موصوفہ کو اَپ گریڈ شدہ شعبوں میں دستیاب سہولیات، بنیادی ڈھانچے، عملے کی تعیناتی اور فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعد میں وزیر سکینہ اِیتونے گورنمنٹ ڈِگری کالج بجی بہاڑہ اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بجی بہاڑہ کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں موجودہ بنیادی ڈھانچے، تعلیمی ماحول اور فیکلٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے طلبأ سے بات چیت کی اور ان کی تعلیمی ضروریات اور اِدارہ جاتی مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ اِس موقعہ پر طلبأ نے اپنی تجاویز اور مسائل وزیر کے ساتھ اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے طلبأ کو یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے اَساتذہ سے بات چیت کے دوران معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور جموں و کشمیر بھر میں تعلیمی اِداروں میں بنیادی اور تدریسی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے حکومتی عزم کو اُجاگر کیا۔ وزیر کے ہمراہ رُکن قانون سازا سمبلی سری گفوارہ ۔بجی بہاڑہ ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، ڈائریکٹر آیوش، سی ایم او اننت ناگ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ اور دیگر محکموں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔










