نائب وزیر اعلیٰ نے ایکناتھ شندے سے ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے رہائشیوں کیلئے حفاظتی اقدامات کا خیر مقدم کیا

نائب وزیر اعلیٰ نے ایکناتھ شندے سے ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے رہائشیوں کیلئے حفاظتی اقدامات کا خیر مقدم کیا

ممبئی //پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جموں و کشمیر کے طلباء اور تاجروں کو حراساں کرنے کی اطلاعات کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ممبئی میں ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے سلامتی کا احساس پیدا کرنے کیلئے جموں و کشمیر کے طالب علموں ، تاجروں اور پیشہ ور افراد کے ساتھ بھی بات چیت کی ۔ مسٹر سریندر چودھری نے ایکناتھ شندے سے مطالبہ کیا کہ وہ حالیہ خدشات کے پیش نظر جموں و کشمیر کے طلباء ، تاجروں اور پیشہ ور افراد کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ اس کے جواب میں مسٹر شندے نے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اور مہاراشٹرا کے عوام دونوں جموں و کشمیر کے لوگوں کی حفاظت اور مدد کیلئے مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء ، نجی شعبے کے ملازمین اور تاجروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں تا کہ ان کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے خدشات کے بارے میں ذاتی طور پر پوچھ گچھ کی جا سکے ۔ انہوں نے سینئر پولیس عہدیداروں سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے طلباء اور دیگر کارکنوں کو مشورہ دیا کہ کسی بھی قسم کی مدد کیلئے وہ جموں و کشمیر کی سرکاری ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ قائم کریں ۔