جموں// اسمبلی حلقہ 27 ۔بڈگام اور 77 ۔نگروٹہ میں اِنتخابی فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن( ایس ایس آر) کا عمل جو 8 ؍اپریل 2025 ء کو شروع ہوا تھا، 24 ؍اپریل 2025 ء کو مکمل ہو جائے گا۔الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران( اِی آر اوز) نے دعوؤں اور اعتراضات کی تفصیلی فہرستیں تیار کی ہیں جو عوامی جائزے کے لئے دستیاب ہیں۔ یہ فہرستیں فارم نمبر 9، 10، 11، 11اے اور 11 بی میں تیار کی گئی ہیں جن میں اِنتخابی فہرست میں نام کے اندراج، اخراج، تصحیح اور منتقلی سے متعلق درخواستیں شامل ہیں۔یہ فہرستیں شفافیت کو یقینی بنانے اور عوام کی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے متعلقہ اِی آر او دفاتر کے نوٹس بورڈوں پر نمایاں طور پر آویزاں کی گئی ہیں۔ اِس کے علاوہ یہ فہرستیں چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر کی سرکاری ویب سائٹ www.ceo-jk@nic.inپر بھی دستیاب ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے حلقہ اسمبلی 27 ۔بڈگام اور 77 ۔نگروٹہ کے تمام رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرستوں کا بغور جائزہ لیں تاکہ اِنتخابی فہرستوں کی درستگی اور تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔وہ شہری جو انتخابی فہرست کے اندراج پر اعتراض کرنا چاہتے ہیں یا دعویٰ جمع کرنا چاہتے ہیں وہ متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (اِی آر او) سے رابطہ کر کے اسمبلی حلقہ 27 ۔بڈگام یا 77 ۔نگروٹہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے شہریوں کی فعال شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل انتخابی نظام کی شفافیت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔










