بانڈی پورہ// مشن ڈائریکٹرجل جیون مشن جموں و کشمیر خورشید احمد شاہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ایم اے قادری کی موجودگی میں تمام متعلقہ اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع بانڈی پورہ میں جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔مشن ڈائریکٹر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جل شکتی محکمہ کے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ جے جے ایم کے تحت کاموں کو اِس طرح سے ترتیب دیں کہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے بالخصوص فلٹر میڈیا کی بروقت خریداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ کاموں کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد پائپ کے ذریعے پینے کے پانی کی سہولیت فراہم کی جا سکے۔اِس موقعہ پر میٹنگ کو ضلع میں جاری جل جیون مشن کی مختلف سکیموں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک تفصیلی پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں 121سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی ایچ اِی ہائیڈرولک ڈویژن بانڈی پورہ، پی ایچ اِی ڈویژن سوپور اور سپیشل سب ڈویژن (ایس ایس ڈِی) گریز کے تحت مختص 240 کاموں میں سے 60 سکیمیں اور 160 کام اَب تک مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی منصوبوں پر کام جاری ہے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع کی 122 دیہاتوں میں شامل 46,695 گھرانوں میں سے 40,695گھرانوں کوفنکشنل ہائوس ہولڈ ٹیپ کنکشن( ایف ایچ ٹی سی) فراہم کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے اَپنے خطاب میں اَفسران پر زور دیا کہ تمام جاری کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ اُنہوں نے جل جیون مشن کے تحت کاموں کے دوران پیدا ہونے والے مختلف مسائل کو حل کرنے میں ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کو اُجاگر کیا اور ہدایت دی کہ اگر کوئی زمین یا اِنتظامی مسئلہ درپیش ہو تو اسے فوری طور پر ضلعی اِنتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے۔
مشن ڈائریکٹر موصوف نے مختلف کاموں کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائنز مقرر کیں اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ جن سکیموں میں 75 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے، ان کی کم از کم ڈیڑھ ماہ کے اندر کمیشننگ کو ترجیح دی جائے۔اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئروں پر زور دیا کہ وہ فنکشنل ہائوس ہولڈ ٹیپ کنکشن( ایف ایچ ٹی سی) کی فراہمی کی رفتار میں تیزی لائیں اور ’’ہر گھر جل‘‘ سرٹیفکیشن کے لئے رِپورٹ شدہ دیہاتوں میں کوششوں کو قومی جل جیون مشن اور مرکزی وزارتِ جل شکتی کے رہنما خطوط کے مطابق تیز کیا جائے۔ میٹنگ میں سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر میکنیکل نارتھ، ایگزیکٹیو اَنجینئران پی ایچ اِی ڈویژن بانڈی پورہ،سوپور،گراؤنڈ واٹر ، اے اِی اِی ایس ایس ڈِی گریز، ڈِسٹرکٹ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بانڈی پورہ، اے اِی اِیز، جونیئر انجینئرز اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔










