جموں وکشمیر حکومت نے یوٹی میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے سیلاب کو کم کرنے کیلئے پیشگی اقدامات اُٹھائے

گلیشیائی جھیل کے اچانک سیلاب سے خبردار کرنے والا ابتدائی نظام (اِی ڈبلیو ایس) قائم کیا جائے گا تاکہ تیاری کو بہتر بنایا جا سکے

جموں// جموں و کشمیر کی حکومت یونین ٹیریٹری میں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) سے وابستہ خطرات کو کم کرنے کے لئے پیشگی اَقدامات کر رہی ہے۔یہ اقدام ایک مرحلہ وار حکمت عملی پر مبنی ہے جس میں ڈیٹا جمع کرنا، زیادہ خطرے والی گلیشیائی جھیلوں کی شناخت اور قبل اَز وقت وارننگ نظام کی ترقی شامل ہیں۔اِس خطے کی منفرد جغرافیائی ساخت جہاں بلند پہاڑی گلیشیئر اور جھیلیں موجود ہیں، اسے گلیشیئر لیک آئوٹ برسٹ فلڈز(جی ایل او ایف)کے لئے خاص طور پر حساس بناتی ہے۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیںجس سے کئی نئی گلیشیائی جھیلیں بن رہی ہیں جو اچانک پھٹنے کے خطرے سے دوچار ہیں اور اس سے لاکھوں مکعب میٹر پانی اور ملبہ بہہ سکتا ہے۔ اِس خطرے سے نمٹنے کے لئے جموں و کشمیر حکومت نے ایک جامع، متحرک اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حکمت عملی اَپنائی ہے جس کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔