اْجالا اسپتال اور اکنامک الائنس کے مابین اشتراک، خصوصی ہیلتھ کارڈ متعارف
سرینگر//کشمیر اکنامک الائنس اور سینٹرل لال چوک ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے اْجالا سپر اسپیشلٹی اسپتال کے ساتھ ایک اہم معاہدہ طے کرتے ہوئے مقامی تاجروں اور ان کے اہل خانہ کو ترجیحی طبی سہولیات فراہم کرنے کی نئی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد اْن تاجروں کو طبی تحفظ فراہم کرنا ہے، جو اپنی روزمرہ کی مصروفیات میں اپنی صحت کو نظر انداز کر بیٹھتے ہیں۔معاہدہ ایک اہم میٹنگ کے دوران طے پایا، جس میں اسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز احمد صوفی کے ساتھ تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے تبادلہ خیال کیا۔ اس نشست کی صدارت کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین اور سینٹرل لال چوک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد ڈار نے کی، جبکہ محمد بلال ڈار اور شیراز احمد میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ چھوٹے دکاندار اور تاجر طبی سہولیات سے اکثر محروم رہ جاتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی صحت پر توجہ دینے کے بجائے کاروباری سرگرمیوں میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ اس پس منظر میں، اْجالا اسپتال نے ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ارکان کے لیے ایک خصوصی ہیلتھ کارڈ جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی، جس کے تحت ممبران کو ترجیحی علاج، فوری تشخیص اور رعایتی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔یہ معاہدہ دونوں اداروں کی ایک مشترکہ کوشش ہے، جس کا مقصد مقامی تاجر طبقے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور انہیں ایک صحت مند تجارتی ماحول فراہم کرنا ہے۔ ترجمانوں نے کہا کہ یہ اشتراک نہ صرف تاجروں بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات تک رسائی کو ممکن بنائے گا۔ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور اْجالا اسپتال نے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جو تاجر برادری کی صحت اور خوشحالی کو مزید فروغ دیں گے۔










