اودھمپور//وزیر برائے جل شکتی اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی 134ویں یومِ پیدائش کے موقعہ پر امبیڈکر چوک جکھانی اودھمپور میں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جاوید احمدرانا نے ڈاکٹر امبیڈکر کو ’’بیسویں صدی کا سب سے عظیم بھارتی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بھارتی آئین کی تدوین میں کلیدی کردار ادا کیا جو تمام شہریوں کو سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں میں اِنصاف، آزادی اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ڈاکٹر امبیڈکر کی کوششوں نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی اور یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی میراث کا احترام کریں۔‘‘وزیر موصوف آج اودھمپور میں امبیڈ کر ویلفیئر آرگنائزیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوںنے ڈاکٹر امبیڈکر کو سماجی اِنصاف کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ذات پات کے امتیاز اور چھوت چھات کے خلاف زندگی بھر جدوجہد کی اور محروم و پسماندہ طبقات کی آواز بنے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ذات پات کے نظام کے چنگل سے دلتوں کی آزادی کے بانی کے طور پر انہوں نے پسماندہ طبقات کو مساوی حقوق، نمائندگی اور مواقع دلوانے کے لئے انتھک محنت کی۔‘‘جاوید احمد رانا نے زور دیا کہ ایک جامع اور مساوی معاشرہ تشکیل دینا ہماری اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔اُنہوں نے کہا ،’’ آزادی، مساوات اور اخوت کی قدریں، جنہیں ڈاکٹر امبیڈکر نے مقدم جانا، آج بھی ہمارے لئے رہنما اصول ہیں۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ بی آر امبیڈکر بے لوث خدمت کا مظہرتھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی سماجی انصاف ، مساوات اور پسماندہ طبقات کے اَفراد کو بااِختیار بنانے کے نظریات کے لئے وقف کردی۔
جاوید احمد رانا نے نوجوانوں کو ڈاکٹر امبیڈکر کی زندگی سے سبق لینے اور انسانیت کی خدمت کے لئے خود کو وقف کرنے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے کہا،’’تمام طبقات کے درمیان مساوات کو فروغ دینا قومی ترقی، امن اور خوشحالی کے لئے نہایت ضروری ہے۔‘‘ وزیر موصوف نے تقریب کے کامیاب اِنعقاد پر تمام شرکأ ، آرگنائزنگ کمیٹی اور ضلعی اَفسران کا شکریہ اَدا کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا اور آئین کی تدوین میں ڈاکٹر امبیڈکر کی آئین سازی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر چیف اِنجینئر جل شکتی وِکاس شرما، چیف اِنجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول منوج گپتا، ڈی ایف او نونیت سنگھ اور دیگر سینئر اَفسران، سماجی و سیاسی تنظیموں کے نمائندگان اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔پروگرام میں مقامی فنکاروں اور طلبا نے تھیم پر مبنی ثقافتی پروگرام اور نُکڑ ناٹک پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔










