نائب وزیر اعلیٰ نے لام نوشہرہ میں عوامی دربار کا اِنعقاد کیا

نائب وزیر اعلیٰ نے لام نوشہرہ میں عوامی دربار کا اِنعقاد کیا

عوامی شکایات کے اَزالے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ

جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندراحمد چودھری نے گاؤں لام نوشہرہ میں لوگوں کی شکایات او ر حقیقی مسائل سننے کے لئے ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔عوامی دربارمیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بنیادی سہولیات سے لے کر بنیادی ڈھانچے کی ترقی تک کے مسائل اُجاگر کئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے تمام شکایات اورمسائل کو بغور سنااور انہیں جلد از جلد ازالے کی یقین دہانی کی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت عام لوگوںکے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے اورحکومت ہمیشہ عوامی فلاح کے لئے پیش پیش رہی ہے۔سریندرکمار چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت مؤثر حکمرانی فراہم کرنے اور عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو یقینی بنانے کے لئے وقف ہے۔اُنہوں نے حکومت کی طرف سے کئے گئے کئی اہم اقدامات کا ذکر بھی کیا جن میں سڑکوں کی بہتری، صحت نگہداشت کے نظام کو مضبوط بنانا اور جموں و کشمیر میں تعلیمی مواقع کو فروغ دینے اقدامات شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسائل کی نشاندہی اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے عوامی سطح پر رابطے انتہائی اہم ہیں۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ عوامی دربار صرف شکایات سننے کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری شراکتی حکمرانی کے عزم کا مظہر ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہم حکومت اور عوام کے درمیان براہ راست رابطے کے ذرائع قائم کرنے پر یقین رکھتے ہیں تاکہ اعتماد اور جوابدہی کو فروغ دیا جا سکے۔‘‘اِس سے قبل نائب وزیراعلیٰ نے کالاکوٹ سے جموں براستہ نوشہرہ بس سروس کو ہری جھنڈی دِکھائی۔سریندرکمار چودھری نے کہا کہ حکومت بالخصوص دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ عوام کو محفوظ، دیرپا اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔