جموں وکشمیربھر میں فائرسروس ڈے منایا گیا

جموں وکشمیربھر میں فائرسروس ڈے منایا گیا

جموں//فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ نے فائر سروس ڈے منایا، جو فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فائر فائٹرز کی بہادری اور قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔مرکزی تقریب فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹر، گاندھی نگر، جموں میں منعقد ہوئی جہاں افسروں اور جوانوں نے 1944کے بمبئی ڈاک دھماکے کے شہدأکو خراجِ عقیدت پیش کیا اور عوامی تحفظ کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کا آغاز شہدأ کی یادگار پر گل دائرے چڑھانے سے ہوا، جہاں ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور سینئر افسران نے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہدأ کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سلامی پیش کی گئی۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز جموںوکشمیر آلوک کمار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی جدید صلاحیتوں، فوری ردِّعمل کی تیاری اور مسلسل جاری جدید کاری کے عمل کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں فخر ہے کہ ہمارا محکمہ نہ صرف کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری ردِّعمل کے لئے تیار ہے بلکہ جدید آلات اور تربیت سے لیس ہے اور ساتھ ہی معاشرے کے ہر طبقے میں بیداری پھیلانے کے لئے پُرعزم بھی ہے۔‘‘ آلوک کمار نے ’’ہر گھر فائر فائٹر‘‘پروگرام کے تحت جاری بیداری مہمات کا ذکر کیا جو اگست 2022 سے تعلیمی اداروں، صحت مراکز، صنعتی اکائیوں اور دیگر اداروں میں تسلسل سے چل رہی ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد طلبأ، اساتذہ، طبی عملے اور دیگر سٹاف کو آگ سے بچاؤ، محفوظ انخلاء کے طریقوں، اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق تربیت دینا ہے تاکہ وہ ابتدائی ردِّعمل دینے والے کے طور پر کام کر سکیں۔اُنہوںنے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت محکمہ نے مارچ 2025 کے اختتام تک 3,949 تعلیمی اداروں، 1,057 صحت کے اداروں، 2,555 دیگر اداروں کا احاطہ کیا ہے اور 7,551 عوامی بیداری پروگرام منعقد کئے ہیں جن میں 8.23 لاکھ افراد کو آگ سے بچاؤ، تحفظ اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی گئی ہے۔
اس سال کا تھیم ’’آئیے ہم مل کر آگ سے محفوظ ہندوستان بنائیں‘‘ جو آگ سے بچاؤ میں اجتماعی ذمہ داری اور عوامی شراکت داری کو اُجاگر کرتا ہے۔ محکمہ نے فائر سروس ہفتہ(14 تا 20؍ اپریل) کے موقعہ پرمتعدد عوامی شمولیتی سرگرمیاں شروع کیں۔جن میں ۱)فائر سیفٹی پر مبنی ایک دستاویزی فلم کی ریلیز، جو فائر فائٹنگ مشنز کی حقیقی جھلکیاں پیش کرتی ہے، ۲)پوسٹرز، بینرز، ہینڈ بلز کی تقسیم ۳) بیداری لیکچرز، مضمون نویسی، مصوری مقابلے، جوانوں و عوام کے لئے طبی معائینہ اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت شامل ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فائر سیفٹی کو اپنائیں، خطرات کی بروقت اطلاع دیں اور بیداری مہمات میں حصہ لے کر محکمہ کا ساتھ دیں۔اُنہوں نے کہا ،’’ہماری طاقت اتحاد میں ہے۔ آئیں، ہم سب مل کر ایسے اقدامات کریں کہ آگ لگنے سے پہلے ہی اسے روکا جا سکے۔‘‘محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اپنے مشن کے پُر عزم ہیں ۔جس میں زندگیاں بچانا، املاک کا تحفظ کرنا اور عزت کے ساتھ خدمات انجام دینا شامل ہیں۔فائر سروس ڈے کی تقریبات فائر اینڈ ایمرجنسی رینج ہیڈکوارٹر سری نگر اور تمام کمانڈ و ضلعی ہیڈکوارٹروں میں بھی منعقد ہوئیں جہاں متعلقہ کمانڈ افسران نے تقریب کی صدارت کی اور شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔