وادی کشمیر اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں

شہر میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی سے صارفین نالاں

بجلی میں3گناہ اضافہ تو ہوا مگر بجلی کی دستیابی میں کوئی سدھار نہیں

سرینگر// پائین شہر کے کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کے نتیجے میں شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آواجاہی کے نتیجے میں طلاب، تاجروں اور بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق شہر کے خانیار، رعناواری، خواجہ صاحب، سعدہ کدل، کلائی اندر، کاٹھی دروازہ اور ملحقہ علاقوں میں سرکار کی جانب سے اعلان شدہ شیڈول کو بروئے کار نہ لانے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی مکینوں نے بتایا کہ مشکل سے ایک سے دو گھنٹے تک بجلی آنے کے بعد چلی جاتی ہے۔سرینگر کے ڈاون ٹاؤن کے مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند مہینوں سے بجلی کی بندش کی وجہ سے یکساں طور پر پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بجلی کی کٹوتی کے دوران اپنی آسانی کیلئے کوئی بھی برقی آلات نہیں چلا سکتے۔محمد مقبول رینہ نامی یک رہائشی نے کہا’’ہمیں پچھلے کچھ ہفتوں سے بجلی کی بڑی کٹوتیوں کا سامنا ہے۔ اس سے ہمارے معمول کے کام متاثر ہوئے ہیں اور ہمارے تمام آلات بجلی پر کام کرتے ہیں، اور بجلی کی بندش ہماری زندگیوں کو متاثر کرتی ہے۔‘‘ حضرت بل، حبک، بٹہ پورہ، برزہامہ، تیل بل اور ملحقہ علاقوں کے باشندوں سے بجلی کی غیر مقررہ کٹوتی کے بارے میں بہت سی شکایات موصول ہوئیں۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ مقامی سب سٹیشن شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔خانیار کے ایک شہری بشیر احمد صوفی نے کہا’’ہمارے علاقے میں اعلان شدہ کٹوتی کے شیڈول سے زیادہ بجلی کی کٹوتی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس عمل نے واقعی انکی زندگیوں کو مشکل بنا دیا ہے، خاص طور پر مریضوں، بزرگوں اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ طے شدہ کٹوتی کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اس دوران سری نگر کے سیول لائنز کے متعدد علاقوںکومسلسل بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جس سے عام کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔بجلی کی طویل بندش نے پانی کی فراہمی کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔صارفین نے کہا کہ میٹر والے اور غیر میٹر والے دونوں علاقوں میں صورتحال یکساں ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی ہیں اور وہ بھی اس وقت جب بجلی کی عدم دستیابی کے دوران صارفین کے بجلی کے بلوں میں تین گناہ اضافہ ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی نے 3لاکھ سمارٹ میٹرز نصب کیے ہیں، جبکہ شہریوں سے واعدہ کیا گیا تھا اسمارٹ میٹر نصب ہونے کے بعد لوگوں کو ہمہ وقت بجلی فراہم کی جائے گی۔