یہ وزیر اعظم مودی حکومت کے تحت جموں و کشمیر میں اتحاد کا جذبہ غالب ہے/ امیت شاہ
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حریت سے وابستہ سابقہ تنظیموں کے علیحدگی پسندی کو ترک کرنے اور ہندوستان کے اتحاد کیلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کے فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ وزیر اعظم مودی حکومت کے تحت جموں و کشمیر میں اتحاد کا جذبہ غالب ہے۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر ماس موومنٹ کے حریت سے عوامی طور پر تعلقات منقطع کرنے والا تازہ ترین گروپ بننے کے بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مودی حکومت کے تحت، جموں و کشمیر میں اتحاد کا جذبہ غالب ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’یہ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ویژن کی جیت ہے‘‘۔امیت شاہ نے لکھا’’مودی حکومت کے تحت اتحاد کی روح جموں و کشمیر پر حکمرانی کرتی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ ایک اور حریت سے وابستہ تنظیم جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے بھارت کے اتحاد سے مکمل وابستگی کا اعلان کرتے ہوئے علیحدگی پسندی کو مسترد کر دیا ہے۔ میں ان کے اس اقدام کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔ اب تک، حریت سے وابستہ 12 تنظیموں نے ہندوستان کے آئین پر اعتماد کرتے ہوئے علیحدگی پسندی کو توڑا ہے‘‘ ۔پوسٹ کے اختتام پر، انہوں نے دہرایا’’یہ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ویژن کی جیت ہے‘‘۔










