کہا، بھگوان مہاویر کی بے لوث خدمت کا نظریۂ تمام جانداروں کے تئیں عدم تشدد اور ہمدردی کے اَصولوں سے جڑا ہوا ہے
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج ایس ایس جین سبھا کے زیر اہتمام جموں میں مہاویر جینتی کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مہاویر جینتی کے موقعہ پر سبھی لوگوں کو مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔اُنہوں نے کہا، ’’بھگوان مہاویر کی تعلیمات کسی ایک فرقے تک محدود نہیں بلکہ تمام حدووں سے بالاتر ہیں۔ ان کی بصیرت اور وژن نے اِنسانیت کو بلندکیا اور عدم تشدد اور ہمدردی کو یقینی بنانے کے لئے دُنیا کی رہنمائی کی جو ہمارے معاشرے کی مضبوط بنیادکو استوار کرتی ہے۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’بھگوان مہاویر کی بے لوث خدمت کا تصور تمام جانداروں کے تئیں عدم تشدد اور ہمدردی کے اصولوں سے جڑا ہوا ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ بے لوث خدمت کا جذبہ انا کو ختم کر دیتا ہے جو نہ صرف فلاح و بہبود میں رُکاوٹ بنتی ہے بلکہ روحانی آزادی کے راستے میں بھی حائل ہوتی ہے۔‘‘اُنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھگوان مہاویر کے پیروکار اور جین برادری سے جڑے لاکھوں اداروں نے ان کے راستے پر چلنے اور اُن کے بے لوث خدمت، خیرات، بیماروں کی نگہداشت، عقیدت مندوں کی مدد کرنے اور کمیونٹی اور ماحول کی فلاح و بہبود کے لئے ان کے وژن کو زندہ کرنے کی مسلسل کوشش کی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنرنے زور دیا کہ تعلیمی اِداروں کو چاہیے کہ وہ طلباء کی تعلیم میں جین عقائد کے بنیادی اصول یعنی عدم تشدد اور ہمدردی کو شامل کریں تاکہ بے لوث خدمت کا جذبہ پروان چڑھے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’نوجوانوں میںبے لوث خدمت کو ایک روحانی عمل کے طور پر فروغ دیا جانا چاہیے۔ اسے صرف ہمدردی کے عمل کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ ایک طرزِ زندگی بنایا جائے۔ میں یقین دِلاتا ہوں کہ اس طرح کا جذبہ اِنفرادی ترقی کو فروغ دے گا ، سماجی تانے بانے کو مضبوط کرے گا اور ہماری ثقافت کو تقویت ملے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھگوان مہاویر کے اصول، ان کا فلسفۂ زِندگی نہ صرف اِنسانی معاشرے کی عملی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ ایک ایسا کلچر بھی تشکیل دیتا ہے جہاں خدمت، عدم تشدد ، تشنگی اور ہمدردی جیسے اَقدار کو طرزِ زِندگی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھگوان مہاویر نے معاشرے کو جانداروں کے ساتھ ہمدردی برتنے اور ماحول کے تئیں حساس ہونے کی ترغیب دی۔ اُن کی تعلیمات کی روشنی میں ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کرنی چاہیے جو ’میں‘ کے بجائے ’ہم‘ کی اہمیت پر زور دیتا ہو۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جین کمیونٹی کے اُن نوجوانوں کو اعزازات سے نوازا جنہوں نے مختلف شعبوں میں شاندار اور نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔تقریب میں اے ڈِی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین، صدر ایس ایس جین سبھا پنکج جین، نائب صدر ایس ایس جین سبھا راجیو جین، جنرل سیکرٹری سندیپ جین اور دیگر معززین، سرکاری اَفسران اور زِندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔










