جاوید احمد رانا نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جاوید احمد رانا نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جموں//وزیربرائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانانے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ جنگلات کے اہم مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ اور متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔جاوید احمد رانا نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مؤثرسروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامی معاملات میںجوابدہ اور شفافیت برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ملازمین سے متعلقہ معاملات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں تاکہ کام کا مثبت ماحول اور حوصلہ افزائی ہو۔ وزیرموصوف نے لکڑی کے سٹاک اور سپلائی سے متعلق تمام ٹرانزیکشنز کو آسان بنانے کے لئے ایک آن لائن پورٹل تیار کرنے کی بھی ہدایت دی جس کا مقصد اس عمل کو آسان بنانا اور ممکنہ بے ضابطگیوں کو کم کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سے مطلع شدہ نرخوں پر خریداری کے عمل میں آسانی ہوگی اور سٹاک اور سپلائی پوزیشن کے بارے میں بروقت اپ ڈیٹس ملیںگے۔جاوید احمد رانانے کہا، ’’ایک آن لائن پورٹل کی ترقی سے ہم حکومت اورلوگوںکے لئے فائدہ مند صورتحال پیدا کرنے کے لئے شفاف لین دین کی مسلسل نگرانی اور سہولیت فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں لکڑی کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور تمام خطوں میں لکڑی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اَفسران کو لوگوںکی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کی ہدایت دی۔دورانِ میٹنگ ماحولیاتی آلودگی پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور وزیر جنگلات نے متعلقہ افسران سے اس کے تدراک اور روکتھام کے لئے قابل عمل حل طلب کیا۔اُنہوں نے شجرکاری پر بھی زور دیا اور جدید تحقیق سے اعلیٰ معیار کے پودے لگانے کے مواد کی تیاری میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔جاوید احمد رانانے کہا کہ جنگلات کے رقبے کی کوریج کے لئے محکمہ جنگلات اور دیگر صارف ایجنسیوں کو فراہمی کے لئے ہر سال اہم انواع کے پودے لگائے جائیں۔وزیر جنگلات نے جموں و کشمیر میں نئے سٹون کرشروںکے قیام کے لئے طے کردہ معیارات کا بھی جائزہ لیا اور افسران پر زور دیا کہ تمام ضروری اصولوں اور رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے سٹون کرشر قائم کئے جائیں۔