Sakeena

ریزرویشن پالیسی تنازعہ : معاملے پر تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اتوار کو سرینگر میں وفود سے ملاقات کریگی

حکومت ریزرویشن پالیسی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم / سکینہ ایتو

سرینگر// ریزرویشن پالیسی کو لیکر جاری تنازعہ کے بیچ سماجی بہبود کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ اس معاملے پر تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اتوار کو سرینگر میں کچھ وفود سے ملاقات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریزرویشن پالیسی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ سی این آئی کے مطابق ہائی کورٹ میں ریزرویشن پالیسی پر جموں و کشمیر حکومت کے موقف پر بڑھتے ہوئے تنازعہ کے درمیان سماجی بہبود کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ اس معاملے پر تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی اتوار کو یہاں کچھ وفود سے ملاقات کرے گی۔انہوں نے ایکس پر لکھا’’کابینہ ذیلی کمیٹی برائے ریزرویشن اتوار کچھ وفود کے ساتھ ایس کے آئی سی سی میں ملاقات کرے گی۔ میٹنگ میں اہم مسائل کو حل کرنے اور ریزرویشن سے متعلق معاملات پر معلومات جمع کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ ‘‘ سماجی بہبود کی وزیر سکینہ ایتو نے پیپلز کانفرنس کے صدر اور ہندواڑہ کے ممبر اسمبلی سجاد لون پر جموں و کشمیر میں تحفظات سے متعلق ایک عرضی کو خارج کرنے پر عوام کو گمراہ کرنے پر تنقید کی۔انہوں نے لون پر اس معاملے پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حلف نامہ داخل کرنا اس معاملے پر حکومت کے حتمی موقف کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت میں ایک نیا حلف نامہ داخل کر سکتی ہے کیونکہ موجودہ ریزرویشن پالیسی غیر معقول ہے اور اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔وزیر سکینہ ایتو نے واضح کیا کہ جب کہ حکومت نے عرضی کو چیلنج کیا ہے، لیکن یہ موجودہ ریزرویشن ڈھانچے کی حمایت کے لیے نہیں تھی۔ انہوں نے کہا ’’ ہم پالیسی میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں یہ حکومت جمود کی حمایت نہیں کرتی۔ ہم ریزرویشن میں انصاف پسندی اور معقولیت چاہتے ہیں۔ ‘‘اس سے قبل ازیں سجاد لون نے جموں و کشمیر میں تحفظات سے متعلق عرضی کو خارج کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت پر تنقید کی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، پیپلز کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے ہائی کورٹ کے سامنے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے، جس میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ جموں و کشمیر میں تحفظات سے متعلق پٹیشن غیر سنجیدہ ہے اور اسے خارج کیا جانا چاہیے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت ریزرویشن پالیسی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔