amit shah

سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ وزیر داخلہ امیت شاہ کا تین روزہ دورہ جموں کشمیر آج سے ہوگا شروع

اتوار شام کو پارٹی کے تمام اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ اہم ملاقات طے

سرینگر // سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ وزیر داخلہ امیت شاہ تین روزہ دورے جموں کشمیر پر آج یعنی اتوار کو جموں پہنچے گئے ۔ دورے کے پہلے دن وہ بی جے پی کے یوم تاسیس تقریب کی قیادت کریں گے ۔ امیت شاہ کے دورے کے پیش نظر جموں کے ساتھ ساتھ سرینگر میں بھی سیکورٹی بڑھای دی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے جموں کشمیر کے پیش نظر جموں و کشمیر میں حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے امیت شاہ جموں میں اتوار 6 اپریل کو بی جے پی کے یوم تاسیس کی تقریبات کی قیادت کرنے والے ہیں۔ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، جموں و کشمیر بی جے پی نے، پارٹی کی اعلیٰ کمان کی ہدایت پر، مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 1 لاکھ مقامات پر پارٹی کا جھنڈا لہرانے کا ایک پرجوش پروگرام ترتیب دیا ہے۔اس کے بعد شام کو امیت شاہ تریکوٹہ نگر میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں بی جے پی کے سینئر لیڈروں اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے تمام نو منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ پارٹی کے قابل اعتماد ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کے دفتر نے جموں و کشمیر کے تمام 28 بی جے پی ممبر اسمبلی اور پارٹی کے پانچ سینئر لیڈروں کو اتوار کو ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تمام 28ممبران اسمبلی اور پانچ سینئر لیڈران بشمول جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما، اور تین ممبران پارلیمنٹ جگل کشور شرما (مرکزی وزیر)، ڈاکٹر جتیندر سنگھ (راجیہ سبھا ایم پی) اور غلام علی کھٹانہ کو میٹنگ میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے جو رات 8 بجے سے 9 بجے کے درمیان ہوگی۔ابتدائی طور پر امیت شاہ نے 7 اور 8 اپریل کو دو دن کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کرنا تھا لیکن 6 اپریل کو یوم تاسیس کی تقریبات کے باعث، ان کا دورہ ایک دن بڑھا دیا گیا ہے۔ادھر امیت شاہ کے تین روزہ دورے جموں کشمیر کے پیش نظر جموں شہر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ جموں کے بیشتر مقامات پر اضافی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی ناکوں پر چیکنگ بھی تیز کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی سیکورٹی کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔