گزشتہ مالی سال ریکارڈ توڑ 25کروڑجرمانہ عائد
سرینگر//محکمہ بجلی نے گزشتہ مالی سال کے7ماہ کے دوران صارفین پر مبینہ بجلی چوری کے الزام میں ریکارڈ24کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ زائد از5کروڑ روپے وصول بھی ہوئے۔وائس آف انڈیا کے مطابق محکمہ نے 1 اپریل تا نومبر 2024 کے دوران کی جانے والی وسیع پیمانے پر مبینہ بجلی چوری کیخلاف معائنہ مہم کے کامیاب نتائج کا اعلان کیا۔ یہ مہم توانائی کی چوری کو روکنے اور آمدنی کی وصولی کو بہتر بنانے کیلئے شروع کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں اہم جرمانے عائد اور وصول کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران، محکمہ بجلی نے کشمیر کے مختلف علاقوں میں 200,186 معائنے کیے۔ ان معائنوں کے دوران بجلی کی مبینہ چوری کے متعدد واقعات کا پتہ چلا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24.47 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ان میں سے 5.20 کروڑ روپے کا کامیابی کے ساتھ وصول کیا گیا ہے۔سب سے زیادہ معائنے پلوامہ سرکل میں کیے گئے، جہاں 51,138 معائنے کیے گئے، اس کے بعد سری نگر،اسکینڈ میں 38,003 معائنے اور گاندربل میں 32,028 معائنے کیے گئے۔ سری نگرفسٹ سرکل میں 25,529 معائنے، بیجبہارہ میں 26,685 معائنے اور سوپور میں 23,625 معائنے کیے گئے۔ خصوصی مرکزی اسکواڈ نے بھی 3,178 معائنے کیے۔جرمانوں کے حوالے سے، سری نگر،فسٹ نے 10.27 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے، جبکہ سری نگر،سکینڈ میں 6.38 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مرکزی اسکواڈ نے 2.12 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے۔محکمہ بجلی نے کہا ہے کہ باقی جرمانے صارفین کے معمول کے بجلی بلوں کے ساتھ وصول کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ بجلی کی اس مسلسل کوشش کے نتیجے میں بجلی چوری پر قابو پانے اور احتساب کو فروغ دینے سے خطے میں توانائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری متوقع ہے، جس سے آمدنی کی وصولی میں اضافہ اور تمام صارفین کے لیے زیادہ مستحکم توانائی کی فراہمی یقینی بنے گی۔










