ایگزیکٹیو کمیٹی کیمپا نے 2025-26ء کیلئے سالانہ آپریشنل پلان مرتب کیا

ایگزیکٹیو کمیٹی کیمپا نے 2025-26ء کیلئے سالانہ آپریشنل پلان مرتب کیا

شجرکاری ، جنگلاتی اراضی کے تحفظ ، جنگلا ت سے معاش اور مٹی و نمی کے تحفظ پرخصوصی توجہ

جموں// پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ اور ہیڈ فارسٹ فورس محکمہ جنگلات سریش کمار گپتا نے آج جموںوکشمیر کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی 36ویں میٹنگ کی صدارت کی جس میں مالی برس 2024-25ء کے سالانہ آپریشنل پلان پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا اور مالی برس 2025-26 ء کے لئے سی ا یم پی سکیم کے تحت نئے منصوبے ترتیب دئیے گئے۔ اُنہوںنے محکمہ کے بنیادی مقاصد کا خاکہ پیش کیا اور 2024-25 ء کے دوران ’’ ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ پروگرام کے تحت 150 لاکھ پودے لگانے کے ہدف کوحاصل کرنے میںکیمپا( سی اے ایم پی اے) کے رول کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے خاص طور پر شاہراہوں کے ساتھ ڈھلوانوں کے استحکام، فرنٹ لائن سٹاف کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور جنگلاتی اراضی کے تحفظ کے لئے بائونڈری پلروںکی تنصیب اور فیصل بندی جیسے کاموں کا ذکر کیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسرکیمپا ٹی ربی کمار نے سال 2024-25 ء کے لئے منظور شدہ سالانہ آپریشنل پلان پر عمل درآمد کی پیش رفت پر ایک مختصر پرزنٹیشن دی جس میں ایگزیکٹیو کمیٹی کے گزشتہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد اور آئندہ مالی برس 2025-26 ء کے لئے تجویز کردہ منصوبے شامل تھے۔اگلے برس کے منصوبے کے مطابق تقریباً 4,500 ہیکٹر رقبے پر جنگلاتی بحالی کی تجویز دی گئی ہے جس میں تقریباً 40 لاکھ نئے پودے لگائے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ معاون قدرتی اور مصنوعی افزائش کے ذریعے خراب شدہ پودوں کو دوبارہ اُگانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ مٹی اور نمی کے تحفظ کے اَقدامات پر خصوصی زور دیا جاتا ہے اے پی اوز میں ڈِی آر ایس ایم، کریٹس اور واٹر ہارویسٹنگ سٹرکچر کی تعمیرشامل ہیں جومنصوبے کا حصہ ہیں۔ مقامی پودوں اور چارے کے مقامی انواع کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ چارے کی فراہمی میں اِضافہ ہو سکے۔وائلڈ لائف پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے تحفظ اور بحالی کے مختلف اقدامات تجویز کئے ہیں جن میں جنگلی حیات کے مسکن کی بہتری، مٹی اور پانی کے تحفظی اَقدامات، محفوظ علاقوں کا اِنتظام، جانوروں کے بچائو مراکز کی تعمیر و مرمت، ماحولیاتی ترقی کی سرگرمیاں اور جنگلی حیات سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ فرنٹ لائن سٹاف کے لئے گارڈ ہٹس، بلاک آفس اور رینج آفس جیسی سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت بھی سالانہ آپریشنل پلان میں شامل ہے۔ایگزیکٹیو کمیٹی نے تجاویز کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کے بعد مالی بر 2025-26ء کے لئے 157کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ سالانہ آپریشنل پلان کو حتمی شکل دی اور اِس کی منظوری کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی کو سفارش کی تاکہ اسے مرکزی وزارتِ ماحولیات و جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے پاس حتمی منظوری کے لئے بھیجا جا سکے۔میٹنگ میں مالیات، جنگلات ور ماحولیات، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت و بہبودی کساناں، ریونیو، دیہی ترقی و پنچایتی راج، قبائلی ترقی، منصوبہ بندی و نگرانی کے انتظامی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔جنگلات اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، بشمول پی سی سی ایف (وائلڈ لائف) اورچیف وائلڈ لائف وارڈن، اے پی سی سی ایف (پی اینڈ پی)، سی سی ایف اورنوڈل آفیسر (فارسٹ کنزرویشن ایکٹ) اور مالی مشیر و چیف اکاؤنٹس آفیسر (دفتر پی سی سی ایف و ایچ او ایف ایف) نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ میں غیر سرکاری اراکین جن میں این جی او ممبر نذیر بے نذیر اور ماہرقبائلی امور چودھری آصف اِقبال شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔ اِس کے علاوہ خصوصی مدعو اَفراد بشمول ڈائریکٹر جے کے ایف آر آئی، ڈائریکٹر ایس ایف ڈی اورایس اینڈ ڈبلیو سی ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر اِی اِی آر ایس، سی سی ایف کشمیر اور سی سی ایف جموں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔